یوم پیدائش 9 فروری کو ..
ممبئی، بالی ووڈ میں، امرتا سنگھ کا شمار ایسی اداکارہ کے طورپرہوتا ہے جنہوں نے 80 اور 90 کی دہائی میں اپنی دلکش اداؤں سے شائقین کو خوب محظوظ کیا۔
امرتا کی پیدائش 9 فروری، 1958 کو ہوئی۔ سال 1983 میں انہوں نے اپنے فلمی کیریئرکی شروعات کی۔ دھرمند کی ہدایت کاری میں بنی فلم ’بیتاب ‘ سے انہوں نے اپنا فلمی سفر شروع کیا۔ اس فلم میں ان کے ہیرو سنی دیول تھے۔ یہ ان دونوں کی پہلی فلم تھی۔ ناظرین نے سنی اور امرتا سنگھ کی جوڑی کو پسند کیا اور فلم بھی باکس آفس پرسپر ہٹ رہی۔
سال 1984 میں، امرتا سنگھ کو ایک بار پھر سنی دیول کے ساتھ فلم ’سنی‘ میں کام کرنے کا موقع ملا۔ یہ فلم اوسط کامیابی حاصل کرسکی۔ 1985 میں امرتا نے فلم ’صاحب‘ میں انل کپور کے ساتھ کام کیا، اس فلم کا ایک نغمہ ’یار بنا چین کہاں رے‘ آج بھی سننے والوں کو یاد ہے۔
سال 1985 ء میں ریلیز ہونے والی فلم ’مرد‘ امرتا سنگھ کے کیریئر کے لئے ایک سپر ہٹ فلم ثابت ہوئی۔ منموہن دیسائی کی ہدایت میں بنی اس فلم میں امرتا کو سپراسٹار امیتابھ بچن کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا۔
سال 1986 میں، امرتا سنگھ کی ’نام‘ اور’چمیلی کی شادی‘سپر ہٹ فلمیں رہیں۔ فلم نام میں جہاں امرتا نے سنجیدہ اداکاری کی، وہیں انہوں نے چمیلی کی شادی میں مزاحیہ کردار ادا کیا۔ سال 1989 میں، امرتا سنگھ کو امیتابھ بچن کے ساتھ ’طوفان ‘ اور ’جادوگر‘ جیسی فلموں میں کام کرنے کا موقع ملا تھا لیکن بدقسمتی سے، دونوں فلموں نے ٹکٹ ونڈو پر کوئی خاص کمال نہیں دکھایا۔
سال 1993 کی فلم’ آئینہ‘ امرتا کی شاندار فلموں میں شامل ہوگئی۔ اس فلم میں امرتا کا کردار جزوی طور پر گرے شیڈ لئے ہوئے تھا۔ اس فلم کے لئے انہیں بہترین معاون اداکارہ کے لئے فلم فیئر ایوارڈ دیا گیا ۔
1991 میں، امرتا سنگھ نے سیف علی خان سے شادی کی، اگرچہ یہ شادی طویل عرصہ تک کامیاب نہیں ہوئی۔ 2004 میں، امرتا اور سیف کی راہیں الگ ہوگئیں۔ سال ۔1993 میں فلم ’رنگ‘ کرنے کے بعد، امرتا نے فلم انڈسٹری سے کنارہ کرلیا۔ امرتا سنگھ نے ایک بار پھر فلم ’شہید‘ کے ذریعہ بالی ووڈ میں واپسی کی۔
یو این آئی۔الف الف