جے پور، گجرات کی ریا سنگھا مس یونیورس انڈیا 2024 کی فاتح بن گئی ہیں۔
اتوار کو راجستھان کے شہر جے پور میں مس یونیورس انڈیا 2024 کا گرینڈ فائنل منعقد ہوا۔
اس پروگرام میں ملک بھر سے منتخب 51 فائنلسٹ نے زبردست پرفارمنس دی۔ 51 فائنلسٹوں میں سے پہلے دو راؤنڈ کے بعد گجرات کی ریا سنگھا نے دہلی کی پرانجل پریا کو شکست دے کر مس یونیورس انڈیا 2024 کا خطاب جیتا۔ مس یونیورس انڈیا 2015 اور بالی ووڈ اسٹار اروشی روتیلا نے ریا سنگھا کو مس یونیورس انڈیا کا تاج پہنایا۔
ریا اس سال میکسیکو میں منعقد ہونے والے مس یونیورس مقابلے میں ہندوستان کی نمائندگی کریں گی۔ ریا نے اس موقع پر کہا کہ میں نے مس یونیورس انڈیا 2024 کا خطاب جیتا ہے۔ میں نے اس مقام تک پہنچنے کے لیے بہت محنت کی ہے جہاں میں خود کو اس تاج کے لائق سمجھ سکتی ہوں۔ میں پچھلے فاتحین سے بہت متاثر ہوں۔
پروگرام کے ججز میں مس یونیورس انڈیا 2024 کے ڈائریکٹر نکھل آنند، بالی ووڈ اداکارہ اروشی روتیلا، مشہور فلپائنی فیشن ڈیزائنر نگوئن قینہ، ریان فرنانڈیز اور راجیو سریواستو تھے۔
اروشی روتیلا نے کہا کہ آج وہ اس شاندار پروگرام میں جج کے کردار میں حصہ لے کر فخر محسوس کر رہی ہیں۔ آج میں اپنے آپ کو ہر شریک میں دیکھتی ہوں کیونکہ میں بھی کبھی اس مقابلے کا حصہ رہ چکی ہوں۔ اپنے پورے خاندان کے تعاون سے میں نے ایک بہتر مقام حاصل کیا۔
قابل ذکر ہے کہ تین ہندوستانی حسینائیں مس یونیورس کا تاج جیت چکی ہیں، جن میں سشمیتا سین سال 1994، لارا دتہ سال 2000 اور ہرناز سندھو سال 2022 میں شامل ہیں۔
یواین آئی۔ ظا