جموں و کشمیر
لال قلعہ دھماکہ کیس میں بڑی پیش رفت، این آئی اے نے چارکلیدی ملزموں کو سری نگر سے گرفتار کیا

سری نگر، لال قلعہ کے قریب 10 نومبر کو ہونے والے خوفناک دھماکے کی تحقیقات میں قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے ایک اور بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے چار کلیدی ملزموں کو گرفتار کرلیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی کیس میں گرفتار ملزمان کی مجموعی تعداد چھ تک پہنچ گئی ہے، جبکہ ایجنسی نے واضح کیا ہے کہ دہشت گردانہ سازش میں شامل ہر فرد تک پہنچنے کے لیے کارروائیاں تیز کردی گئی ہیں۔
این آئی اے کے مطابق تازہ گرفتاریاں سری نگر میں عمل میں لائی گئیں جہاں عدالت کے پروڈکشن آرڈرز کی بنیاد پر چاروں ملزموں کو حراست میں لیا گیا۔ گرفتار افراد کی شناخت ڈاکٹر مزمل شکیل گنائی (پلوامہ)، ڈاکٹر عدیل احمد راتھر (اننت ناگ)، ڈاکٹر شاہین سعید (لکھنؤ، یوپی) اور مفتی عرفان احمد وگے (شوپیاں) کے طور پر ہوئی ہے۔ ایجنسی کا کہنا ہے کہ یہ چاروں دھماکے کی منصوبہ بندی، معاونت اور اس کے عملی نفاذ میں براہِ راست طور پر سرگرم تھے اور دہشت گرد نیٹ ورک کی متعدد سرگرمیوں میں اہم کردار ادا کرتے رہے ہیں۔
اس سے قبل این آئی اے نے دو دیگر ملزمان کو بھی گرفتار کیا تھا جن میں عامر رشید علی شامل ہے، جس کے نام پر دھماکے میں استعمال ہونے والی گاڑی رجسٹر تھی، جب کہ دوسرا ملزم جاسر بلال وانی عرف دانش وہ شخص ہے جس نے دھماکہ خیز کار کی تیاری اور دیگر تکنیکی امور میں مرکزی حملہ آور کی مدد کی تھی۔ دونوں سے پوچھ گچھ جاری ہے اور تفتیش کاروں کے مطابق ان کے بیانات سے کئی اہم شواہد سامنے آئے ہیں۔
دھماکے کی ذمہ داری طے کرنے اور پوری سازش کا پردہ فاش کرنے کے لیے این آئی اے نے ملک کی مختلف ریاستوں کی پولیس فورسز کے ساتھ قریبی رابطہ قائم کر رکھا ہے۔
ایجنسی کے مطابق تفتیش کو اس زاویے سے آگے بڑھایا جا رہا ہے کہ دھماکہ ایک منظم دہشت گرد نیٹ ورک کی کارروائی کا حصہ تھا، اور مزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔
ابتدائی تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا ہے کہ دھماکے میں استعمال ہونے والی گاڑی کو خاص منصوبہ بندی کے تحت دہلی لایا گیا تھا اور اس کے پیچھے ایک منظم مالی اور تکنیکی معاونت موجود تھی۔
این آئی اے کے مطابق دھماکے میں کئی بےگناہ شہریوں کی جانیں ضائع ہوئیں اور متعدد زخمی ہوئے، اس لیے ذمہ دار عناصر کے خلاف سخت کارروائی ناگزیر ہے۔ این آئی اے نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ تحقیقات میں تعاون کریں اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی اطلاع فوراً قانون نافذ کرنے والے اداروں کو دیں۔
یو این آئی۔ ارشید بٹ
جموں و کشمیر
راجوری میں سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ
جموں، جموں و کشمیر کے ضلع راجوری کے گمبھیر مغلاں کے جنگلات میں سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ شروع ہو گیا۔
ہندوستان فوج کی وائٹ نائٹ کور نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ تقریباً صبح 11:30 بجے، جموں و کشمیر پولیس اور سی آر پی ایف کے ساتھ انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر مشترکہ آپریشن کے دوران راجوری کے گمبھیر مغلاں علاقے میں دہشت گردوں سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
پوسٹ میں کہا گیاکہ ’’چوکنا دستوں نے فوری اور منظم کارروائی کرتے ہوئے جواب دیا۔ اس کے بعد فائرنگ کا تبادلہ شروع ہو گیا اور علاقے کا مؤثر محاصرہ کر لیا گیا ہے، جبکہ آپریشن ابھی جاری ہے۔‘‘
یواین آئی۔ ظ ا
جموں و کشمیر
ایل جی سنہا نے شوپیان پدیاترا کے دوران منشیات کے نیٹ ورک سے روابط پر سخت کارروائی کا انتباہ دیا
سرینگر، لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے ہفتہ کے روز منشیات کے بڑھتے ہوئے خطرے کے خلاف سخت وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا کہ عوامی زندگی سے وابستہ کوئی بھی شخص اگر منشیات کے نیٹ ورک سے جڑا پایا گیا یا اس کی حمایت کرتا ملا تو اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
سنہا نے یہ بات شوپیان ضلع میں ’نشہ مکت جموں کشمیر پدیاترا‘ میں شرکت کے دوران کہی، جہاں لوگوں نے پورے مرکز کے زیر انتظام علاقے سے نارکو دہشت گردی کو جڑ سے ختم کرنے کا عہد کیا۔
اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ یہ اجتماعی عزم ایک نئے دور کے آغاز کی علامت ہے۔
انہوں نے کہاکہ ’’مرکز کے زیر انتظام علاقے کی ہر گلی اور کوچے سے ایک ہی آواز بلند ہو رہی ہے کہ کسی بھی منشیات فروش کو بخشا نہ جائے۔ جو تحریک 43 دن قبل جموں سے شروع ہوئی تھی، وہ اب ایک طاقتور عوامی تحریک بن چکی ہے اور معاشرے کے ہر طبقے میں اس کی گونج سنائی دے رہی ہے۔‘‘
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ جموں و کشمیر میں لاکھوں لوگ ایک ہی مقصد کے تحت متحد ہیں اور اس جنت نظیر سرزمین سے منشیات پر مبنی دہشت گردی کا خاتمہ کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔
انہوں نے کہاکہ ’’اب عوام کے ذہنوں میں یہ بات راسخ ہو چکی ہے کہ یہ کوئی دور کا مسئلہ نہیں بلکہ ہمارے دروازے پر کھڑا ایک چیلنج ہے، جس کا ہمیں ہمت اور عزم کے ساتھ سامنا کرنا ہوگا۔‘‘
لیفٹیننٹ گورنر نے مشاہدہ کیا کہ ’’منشیات کا زہر ہماری نوجوان نسل کو ترقی کی راہ سے ہٹا رہا ہے۔ دہشت گرد گروہ منشیات سے حاصل ہونے والی رقم سے ہتھیار خریدتے ہیں اور انہی ہتھیاروں سے عام کشمیریوں کا خون بہایا جاتا ہے۔‘‘
انہوں نے کہاکہ ’’آج میں واضح طور پر کہنا چاہتا ہوں کہ خواہ کوئی سرکاری افسر ہو یا عوامی زندگی سے وابستہ شخص، اگر وہ کسی بھی طرح منشیات کے نیٹ ورک سے جڑا ہوا پایا گیا یا اس کی مدد کرتا ملا تو اسے سخت قانونی نتائج بھگتنا ہوں گے۔
میں عوام کو یقین دلاتا ہوں کہ اگر اس زہر کا ذرا سا بھی اثر ہمارے نظام میں پایا گیا تو اسے بے رحمی سے ختم کر دیا جائے گا۔‘‘
جاری۔یواین آئی۔ ظ ا
جموں و کشمیر
کپواڑہ میں انسدادِ تجاوزات مہم کی ایم ایل اے شیخ خورشید کی مخالفت
سری نگر، ضلع کپواڑہ کے کنڈی خاص علاقے میں محکمہ جنگلات کی جانب سے جمعہ کو چلائی گئی انسدادِ تجاوزات مہم اس وقت احتجاج کا سبب بن گئی جب ایم ایل اے شیخ خورشید احمد موقع پر پہنچ گئے اور انہدامی و بے دخلی کارروائی کی مخالفت کرتے ہوئے الزام لگایا کہ تجاوزات ہٹانے کے نام پر ایک مخصوص برادری کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
عوامی اتحاد پارٹی کے جاری کردہ بیان کے مطابق، مقامی افراد نے ایم ایل اے لنگیٹ شیخ خورشید کو اس مہم کے بارے میں اطلاع دی، جس کے بعد وہ اپنے والد کے حالیہ انتقال کے باعث گھر پر جاری تعزیتی اجتماع چھوڑ کر فوری طور پر کنڈی خاص روانہ ہو گئے۔ موقع پر پہنچ کر شیخ خورشید نے انہدامی کارروائی کی سخت مخالفت کی اور حکام کو بے دخلی مہم آگے بڑھانے کی اجازت نہیں دی۔
بیان میں کہا گیا کہ انہوں نے الزام لگایا کہ نام نہاد انسدادِ تجاوزات مہم کو ایک مخصوص برادری سے تعلق رکھنے والے غریب اور کمزور خاندانوں کو ہراساں کرنے اور بے دخل کرنے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔
شیخ خورشید نے کہا کہ متاثرہ خاندان اصل میں کمکڑی لشدت کے مہاجر ہیں، جو کئی دہائیاں قبل سرحد پار گولہ باری کے باعث بے گھر ہوئے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ گھر بار کھونے اور برسوں مشکلات میں زندگی گزارنے کے باوجود انہیں آج تک نہ مناسب معاوضہ ملا اور نہ ہی مکمل بازآبادکاری فراہم کی گئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ خاندان تقریباً چار دہائیوں سے کنڈی خاص میں انتہائی دشوار حالات میں رہ رہے ہیں، لیکن اب ایک بار پھر انہیں بے دخل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ان کے بقول، “دہائیوں تک بے گھری، غربت اور نظراندازی جھیلنے کے بعد انہیں دوبارہ بے گھر ہونے کی طرف دھکیلا جا رہا ہے۔”
عوامی اتحاد پارٹی نے کہا کہ موقع پر موجود مقامی لوگوں نے ایم ایل اے لنگیٹ کی مداخلت کو سراہا، خاص طور پر اس بات کو کہ انہوں نے اپنے گھر میں جاری تعزیتی اجتماع چھوڑ کر ذاتی طور پر علاقے میں پہنچ کر بے دخلی کا سامنا کرنے والے خاندانوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔
یواین آئی۔ ظ ا
جموں و کشمیر2 days agoعید سے قبل بروقت تنخواہوں کی ادائیگی یقینی بنائی جائے؛ اس مقدس موقع پر ملازمین کو مشکلات سے دوچار نہ کیا جائے: رفیق راتھر
دنیا1 week agoایران نے آبنائے ہرمز سے مزید جہازوں کو گزرنے کی اجازت دے دی
جموں و کشمیر1 week agoجموں و کشمیر: پولیس افسر نے مبینہ طور پر بیوی کو قتل کرنے کے بعد خود کو بھی گولی ماری
دنیا3 days agoصدارت کے بعد اسرائیل کا وزیراعظم بن سکتا ہوں: ٹرمپ کی گفتگو وائرل
دنیا1 week agoچین نے آبنائے ہرمز فوری کھولنے اور مستقل جنگ بندی پر زور دے دیا
دنیا1 week agoچین امریکہ اور اسرائیل کے ساتھ جنگ میں ایران کو فوجی سازوسامان فراہم نہیں کرے گا : ٹرمپ
ہندوستان5 days agoملک میں بڑا معاشی بحران آنے والا ہے، عام آدمی پر پڑے گا اثر: راہل گاندھی
دنیا1 week agoایران کی عسکری صلاحیت 90 فیصد کمزور ہو چکی، امریکی سینٹ کام سربراہ
ہندوستان1 week agoمودی نے اڈانی کے حق میں امریکہ کے ساتھ تجارتی معاہدہ کیا: راہل گاندھی
ہندوستان1 week agoفوجی سربراہ کا پاکستان کو واضح پیغام ، دہشت گردی کی حمایت کرے گا تو مٹا دیا جائے گا نقشہ سے
دنیا2 days agoٹرمپ کا ایران پر دباؤ برقرار رکھنے کا اعلان، ہرمز سے متعلق بھی سخت مؤقف
ہندوستان1 week agoہندوستان نے سندھ طاس معاہدے پر نام نہاد ثالثی عدالت کے فیصلے کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے مسترد کیا




































































































