سری نگر، یکم اپریل (یو این آئی) سال 2020 میں جب کورونا وبا کے دوران ماہ رمضان میں افطار اور سحری کا صحیح وقت معلوم کرنے لئے روزہ داروں کو اخبارات و دیگر وسائل کی کمی کا سامنا تھا تو ایک جوان سال کشمیری انجینئر نے ‘رمضان ایپ’ کے نام سے ایک ایسی ایپ تیار کی جو افطار اور سحری کا صحیح وقت بتاتی ہے۔
موصوف انجینئر ہر سال اس ایپ کو اپ ڈیٹ کرکے اس میں نئے فیچرز شامل کرتا ہے تاکہ یہ ایپ روزہ داروں کے لئے زیادہ سے زیادہ کار آمد ثابت ہوسکے۔
سری نگر کے برین نشاط علاقے سے تعلق رکھنے والے انجینئر حیدر علی پنجابی نے یو این آئی کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا: ‘جب سال 2020 میں کورونا وبا پھیل گیا تو لوگوں کے پاس اخبارات آنے کا سلسلہ بند ہوا تو میں نے یہ ایپ بنائی تاکہ لوگوں کو افطار اور سحری کا صحیح وقت بتایا جاسکے’۔
ان کا کہنا تھا کہ میں اب ہر سال اس ایپ کو اپ ڈیٹ کرکے اس میں نئے فیچرز ایڈ کرتا ہوں تاکہ یہ روزہ داروں کے لئے زیادہ سے زیادہ کار آمد ثابت ہوسکے۔
موصوف انجیبئر نے کہا کہ اس ایپ کے روزانہ 15 سے20 ہزار ویوز آتے ہیں۔
انہوں نے کہا: ‘میں نے اس میں دارلعلوم رحیمہ، ایجوکیشنل ٹریسٹ کشمیر، جمعیت اہلحدیث جموں وکشمیر، امام خمینی ٹرسٹ کرگل کے کلینڈر شامل کئے ہیں جس سے روزہ دار اپنے اپنے فقہ کے مطابق افطار اور سحری کا وقت معلوم کرسکتے ہیں’۔
ان کا کہنا تھا کہ اس سال میں نے اس اپ ڈیٹ کیا ہے اور اب کشمیر سے باہر کے صارفین بھی اس کو استعمال کر سکتے ہیں۔
حیدر علی نے کہا کہ میں اب اس ایپ میں یومیہ نمازوں کا وقت بھی ایڈ کرنے والا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ لوگ اس ایپ کو کافی پسند کر رہے ہیں یہی وجہ سے کہ اس اپیلکشن کی ویوز میں خاطر خواہ اضافہ درج ہو رہا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ یہ کشمیر کی واحد موبائل اپلیکشن ہے جس کو یہاں کے جغرافیہ کے مد نظر رکھتے ہوئے تیار کیا گیا ہے اور اس ایپ کو ہر سال اپ ڈیٹ کیا جاتا ہے۔