سری نگر،25اپریل (یو این آئی) جموں وکشمیر پولیس نے سرحدی ضلع کپواڑہ کے کرالہ گنڈ ہندواڑہ میں جسم فروشی کے ایک ریکٹ کا پردہ فاش کرکے میاں بیوی سمیت پانچ افراد کو حراست میں لیا۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد پولیس نے ریشی پورہ کرالہ گنڈ ہندواڑہ میں شبیر احمد وار ولد غلام احمد وار ساکن ریشی پورہ کے گھر پر چھاپہ مارا اور وہاں جسم فروشی کے ایک اڈے کو بے نقاب کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ پولیس نے موقع پر ہی مکان مالک اور اس کی بیوی ، سیکس ورکر اور دو گاہکوں سمیت پانچ افراد کو حراست میں لیا ۔
موصوف ترجمان نے بتایا کہ چھاپہ ماری کے دوران نقدی 47ہزار 8سو روپیہ بھی برآمد کرکے ضبط کئے گئے۔
پولیس نے گرفتار شدگان کی شناخت رائیس احمد لون ولد خضر محمد لون ساکن ڈانگر پورہ رفیع آباد، بلال احمد شیخ ولد عبدالرحمن شیخ ساکن بنر بارہ مولہ ،شبیر احمد وار ولد غلام احمد وار ساکن ریشی پورہ کرالہ گنڈ (مکان مالک )کے بطور کی ہے۔
پولیس نے معاملے کی نسبت ایف آئی آر زیر نمبر 37کے تحت کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی۔
یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں پولیس نے سری نگر میں دو جسم فروشی کے اڈوں کو بے نقاب کرکے ایک درجن کے قریب افراد کو حراست میں لیا تھا۔
