جموں،29 اپریل (یو این آئی) جموں و کشمیر کے ضلع راجوری میں لائن آف کنٹرول کے نزدیک ہفتے کو ایک فوجی ایمبولنس گہری کھائی میں جا گرنے سے دو فوجی جوانوں کی موت واقع ہوگئی۔
ذرائع نے بتایا کہ راجوری کے ڈونگی گالا علاقے میں لائن آف کنٹرول کے نزدیک ایک فوجی ایمبولنس ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوکر گہری کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں ایمبولنس کا ڈرائیور اور ایک فوجی جوان شدید زخمی ہوگیا۔
انہوں نے بتایا کہ دونوں جوانوں کو نکال کر راجوری فوجی ہسپتال پہنچایا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ گئے۔
متوفین کی شناخت حوالدار سدھیر کمار ساکن بہار اور پرمویر شرما ساکن راجوری کے بطور کی گئی ہے۔
دریں اثنا پولیس نے اس ضمن میں ایک کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہیں۔
