خبراردو: امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپيو نے وزیراعظم نریندر مودی سے بدھ کو ملاقات کرکے دوطرفہ ایشوز پر بات چیت کی۔
امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپيو نے وزیراعظم نریندر مودی سے بدھ کو ملاقات کرکے دوطرفہ ایشوز پر بات چیت کی۔ سرکاری ذرائع کے مطابق اس دوران دونوں رہنماؤں کے درمیان باہمی مسائل پر بامعنی گفت و شنید ہوئی۔ مسٹر مودی کے دوبارہ اقتدار کی باگ ڈور سنبھالنے کے بعد یہ ان کی پہلی ہائی پروفائل میٹنگ ہے۔ مائیک پومپيو ہندوستان کے تین روزہ دورہ پرمنگل کی رات یہاں پہنچے۔
قومی جمہوری اتحاد کے زبردست اکثریت سے دوبارہ اقتدار میں آنے کو بین الاقوامی فورم پر احترام کی نظروں سے دیکھا جا رہا ہے اور مانا جا رہا ہے کہ ملک کی تیز ترقی کے لئے ہندوستان حوصلہ مندانہ قدم اٹھا سکتا ہے۔
ہندوستان کے سہ روزہ دورے پر قومی دارالحکومت پہنچے امریکی وزیر خارجہ مائک پومپیو نے وزیر خارجہ ایس جے شنکربھی سے بدھ کو ملاقات کی ۔ پومپیو نے وزیراعظم نریندرمودی سے صبح ملاقات کرکے دوطرفہ مسئلوں پر بات چیت کی ہے۔اس سے پہلے انہوں نے قومی صلاح کار اجیت ڈوبھال سے ساؤتھ بلاک میں ملاقات کی تھی۔اس دوران دونوں لیڈروں دہشت گردی اور سلامتی سمیت کئی مسئلوں پر تبادلہ خیال کیا۔
قابل ذکر ہے کہ 28جون کو جاپان کے اوساکا میں جی -20چوٹی کانفرنس میں پی ایم مودی اور امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے درمیان میٹنگ ہونی ہے اور اس لحاظ سے پومپیواور ڈوبھال کی ملاقات کافی اہم ہے اور اس میٹنگ پر سب کی نظریں ہیں۔
امریکی حکومت نےپومپیو کے دہلی پہنچنے کے کچھ گھنٹوں کے اندر بیان جاری کرکے ہندوستان کے ساتھ کاروبار اور دیگر دوطرفہ مسئلوں پر بات چیت کے سلسلے میں اپنے مثبت رخ کا اظہارکیاتھا۔ بیان میں کہا گیا تھا کہ ہندوستان کے ساتھ امریکہ کے نہ ٹوٹنے والے دوستانہ تعلقات ہیں اور دنیا کے سب سے پرانے اور بڑے جمہوری ملک ہونے کے ناتے دونوں ایک دوسرے کی روایات اور اقدار کا احترام کرتے ہیں۔