کانپور کی لڑکی اور دبئی کے لڑکے کا ویڈیو کانفرنسنگ سے نکاح ہوا

اترپردیش کے ضلع کانپور کی لڑکی اور متحدہ عرب امارات کے دبئی شہرمیں مقیم لڑکے کی شادی ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ ہوئی۔ دونوں کی شادی پہلے سے طے تھی۔ شادی کارڈ بھی تقسیم ہو چکا تھا لیکن لا ک ڈاؤن کی وجہ سے شادی مؤخر ہوگئی تھی ۔

لا ک ڈاؤن میں مسلسل توسیع کے بعد دونوں کے گھر والوں نے بالآخر آن لا ئن نکا ح کر وا دیا ۔
یہ نکاح دبئی میں مقیم عاصم اور کانپور کی طوبی کے درمیان ہوا۔ طوبیٰ کانپور کے چمڑے تاجر اسعد عراقی کی بیٹی ہیں جبکہ عاصم دبئی میں مقیم تاجر وکیل بیٹے ہیں۔

اسعد عراقی کا نپور لیدر انڈسٹریز اسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری بھی ہیں۔ اُن کاکہنا ہے کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے اس طریقے سے شادی ہوئی ، لڑکے اور لڑکی والوں کی بڑی رقم بچ گئی ہے۔ہم(اسعد اور وکیل) یہ رقم رفاہی کاموں میں خرچ کریں گے۔

اسعد عراقی کے مطابق ان کی بیٹی کی شادی ۱۲؍ اپریل کو طے ہوئی تھی اور شادی کے کارڈ بھی تقسیم ہو گئے تھے۔ دبئی کے پانچ ستارہ ہوٹل’ زبیدہ مدینہ‘ کو شادی کے لئے بک کرا لیا گیا تھا۔ کانپور سے ۳۰۰؍ مہمانوں کے لئے ہوائی بکنگ بھی کروائی گئی تھی لیکن لاک ڈاؤن کی وجہ سے تمام پروگرام منسوخ کرنے پڑے۔ اس کے بعد دونوں خاندانوں نے اس مسئلے کو حل کرنے کیلئے تبادلہ خیال کیا۔ بالآخر دونوں خاندانوں نے باہمی رضامندی سے عاصم اورطوبی کے آن لائن نکاح کا فیصلہ کیا۔

نکاح کی رضامندی کے بعد طوبیٰ اور عاصم کی شادی ۲۸؍ مئی کی شام کانپور کے جاج مئو کے اشرف آباد سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے کی گئی۔ دونوں طرف کے علماء نے نکاح پڑھایا ۔ کانپور میں نکاح کے لئے ۲۰؍ مہمانوں کی منظوری لی گئی تھی۔ اس دوران جسمانی دوری کا پورا خیا ل رکھا گیا ۔

دلہن کے والد اسعد کے مطابق ان کی خواہش تھی کہ بیٹی کی شادی دھوم دھام سے ہو لیکن لاک ڈاؤن کی وجہ سے ایسا نہیں ہوسکا۔ لاک ڈاؤن کے طویل عرصہ تک چلنے کے سبب انہوں نے اس طرح شادی کی ۔ دلہن کے والد نے بتایا کہ وہ لاک ڈاؤن کے خاتمے کا بے تابی سے انتظار کر رہے ہیں تاکہ وہ بیٹی کی شادی سے متعلق اپنے خواب کو پورا کرسکیں اور خوشی خوشی اپنی بیٹی کو رخصت کرسکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں