بھارت میں کورونا انفیکشن کے معاملے تیزی کے ساتھ بڑھ رہے ہیں اور خصوصی طور پر دہلی میں انفیکشن کی رفتار میں کوئی کمی دیکھنے کو نہیں مل رہی ہے ۔ حالت یہ ہے کہ پارلیمنٹ کے بعد اب وزارت دفاع کے دفتر میں بھی کورونا کی دستک ہو گئی ہے ۔
سکریٹری برائے دفاع اجے کمار کورونا انفیکشن کی زد میں آ گئے ہیں ۔ کشمیر نیوز سروس مانیٹر نگ ڈیسک کے مطابق بھارتی سکرٹری دفاع اجے کمار میں بدھ کے روز کووڈ ۔ 19 میں انفیکشن کے آثار ظاہر ہوئے ، جس سے وزارت دفاع میں کھلبلی مچ گئی ان کے رابطے میں آنے والے لوگوں کا سراغ لگانے کی کوششیں جاری ہیں ۔
ایک رپورٹ کے مطابق بدھ کی صبح ، وزیر دفاع کے اجے کمار میں علامات کے پائے جانے کے بعد ریسینہ ہلز کے ساوتھ بلاک میں وزارت کے ہیڈ کوارٹر میں کام کرنے والے کم سے کم35 افسران کو ان کے گھر بھیج دیا گیا ۔ اس بارے میں کوئی سرکاری بیان نہیں دیا گیا ہے کہ آیا یہ تصدیق شدہ کورونا وائرس کا کیس ہے یا نہیں ۔ ایک اور میڈیا رپورٹ کے مطابق رپورٹ پازیٹو آنے کے بعد وہ( اجے کمار) فوری طور پر ہوم آئسولیشن میں چلے گئے ہیں ۔
حالانکہ اس سلسلے میں وزارت دفاع نے کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے، لیکن بتایا جا رہا ہے کہ منگل کے روز ہی اجے کمار کے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق ہو گئی تھی ۔ رپورٹ کے مطابق اجے کمار کے کورونا پازیٹو ہونے کی خبر عام ہونے کے بعد ساوَتھ بلاک میں ایک ہنگامہ سا برپا ہو گیا ہے ۔ خبروں کے مطابق احتیاطاً مرکزی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ سمیت کئی بڑے افسران بدھ کے روز دفتر نہیں پہنچے ۔
اس درمیان یہ پتہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ کتنے لوگ اجے کمار کے رابطہ میں آئے ۔ فوری طور پر ساوَتھ بلاک کی پہلی منزل کو سینیٹائز بھی کیا گیا ہے ۔ خبروں کے مطابق سکریٹری برائے د فاع اجے کمار کی کورونا رپورٹ پازیٹو آنے کے بعد ان کے رابطہ میں آنے والے کئی لوگوں کی فہرست تیار کی گئی ہے اور ان میں سے کئی کا ٹیسٹ کرایا جا رہا ہے ۔
اس سلسلے میں وزارت کی جانب سے کوئی اطلاع نہیں دی گئی ہے، اس لیے میں حتمی طور پر یہ پتہ نہیں چل سکا ہے کہ اب تک اجے کمار کے رابطہ میں آنے والے کتنے لوگوں کو ہوم کوارنٹائن کیا گیا ہے اور کتنے لوگوں کا ٹیسٹ کرایا جانا ہے ۔
