راجناتھ سنگھ کا پاکستان پر بڑا حملہ: اسلام آباد کو محسوس ہوا کہ موسم بدل گیا ہے

آرٹیکل 370 کے ہٹائے جانے کے بعد سے جموں وکشمیر کے حالات تیزی سے بدلے

سرینگر: چین اور نیپال کے ساتھ بڑھتے سرحدی تنازعہ کے درمیان وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے پاکستان پر بڑا حملہ کیا ہے۔

راجناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ انتظار کیجئے، ایک دن ایسا بھی آئے گا، جب پاکستانی زیر انتظام کشمیر کے لوگ ہی کہیں گے کہ وہ ہندوستان میں شامل ہونا چاہتے ہیں۔کے این ایس کے مطابق ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ ’جموں جن سنواد’ریلی کو خطاب کرتے ہوئے راجناتھ سنگھ نے کہا کہ آرٹیکل 370 کے ہٹائے جانے کے بعد سے جموں وکشمیر کے حالات تیزی سے بدلے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آگے آنے والے پانچ سالوں میں ہم جموں وکشمیر کی تصویر اتنی بدل دیں گے کہ پاکستانی زیر انتظام کشمیر سے ہی مانگ اٹھے گی کہ ہم اب ہندوستان کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں۔ ان کا کہناتھا کہ پاکستانی زیر انتظام کشمیر کے لوگ ہی کہیں گے کہ پاکستان کے ساتھ نہیں رہنا چاہتے ہیں۔

وزیر دفاع نے کہا کہ جس دن ایسا ہوگا، اسی دن ہمارے پارلیمنٹ کا بھی یہ عزم پورا ہوجائے گا۔وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے ہندوستان کی دفاعی پالیسی میں ہو رہی تبدیلی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ موسم بدل چکا ہے،اس کا اثر اب اسلام آباد میں بھی دیکھنے کو مل رہا ہے۔

ان کا کہناتھا کہ پاکستان میں اس کی بوکھلاہٹ واضح طور پر دیکھی جاسکتی ہے جبکہ پاکستان کی فوج مسلسل شرارت کر رہی ہے، لیکن ہندوستانی فوج مسلسل پاکستان کی ہرحرکت پر نظر بنائے ہوئے ہے اور وقت وقت پر اسے جواب بھی دے رہی ہے۔وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے جموں جن سنواد ریلی میں دہشت گردوں کے ہاتھوں سے مارے گئے سرپنچ اجیت پنڈتا کو بھی خراج عقیدت پیش کی۔

اس کے ساتھ ہی انہوں نے 1947 میں کشمیر وادی میں ترنگا لہرانے والے محمد مقبول شیروانی کو بھی یاد کیا۔ ابھی تک جموں وکشمیر میں آزادی کے نعرے لگائے جاتے تھے اور پاکستان اور آئی ایس آئی ایس کے جھنڈے لگائے جاتے تھے، لیکن اب یہاں پر صرف ترنگا لہراتا دکھائی دیتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں