لال قلعہ کی فصیل سے وزیر اعظم مودی کا خطاب

زبیر احمد
نئی دہلی: وزیراعظم نریندر مودی نے اتوار کے روز’چھوٹا کسان بنے دیش کی شان‘ کا نیا نعرہ دیا۔ مودی نے لال قلعہ سے ملک کے 75 ویں یوم آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چھوٹا کسان بنے دیش کی شان‘ یہ ہمارا خواب ہے۔

ملک کے 80فیصد سےزائد کسانوں کے پاس دو ہیکٹر سے کم زمین ہے۔ پہلے کی پالیسیوں میں ان چھوٹے کسانوں کو ترجیح نہیں دی گئی۔ اب انہیں کسانوں کا خیال کرکے فیصلے کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان کسانوں کا خیال کرکے فصلوں کی کم ازکم امدادی قیمت طے کی جا رہی ہے، فصل بیمہ منصوبہ شروع کیا گیا، سولر انرجی پر زور دیا جا رہا ہے اور فارمر پروڈیوسر گروپ وغیرہ کی تشکیل کی جا رہی ہے۔ اس سے کسانوں کی طاقت بڑھے گی۔ بلاک سطح پر ویئرہاؤس کی تعمیر کے لیے مہم چلائی جا رہی ہے۔

مودی نے کہا کہ پی ایم کسان سمان ندھی یوجنا کے تحت 10 کروڑ سے زیادہ کسانوں کے بینک کھاتے میں ڈیڑھ لاکھ کروڑ روپیے سے زیادہ کی رقم منتقل کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے وقت میں اجتماعی قوت میں اضافہ کرنا ہوگا اور نئی سہولیات دینا ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے 70 ریل روٹس پر کسان ریل چلائی جا رہی ہے تاکہ کسانوں کے پروڈکٹ ملک، بیرون ملک تک پہنچ سکے۔ اس سہولت سے شاہی لیچی، کالا چاول، ہلدی یا دیگر پروڈکٹ دنیا میں بھیجے جا رہے ہیں۔ ہندوستان کی مٹی میں پیدا ہوئی خوشبو دنیا میں پہنچ رہی ہے۔ بشکریہ روزنامہ منصف

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں