روزگار مانگنے والے طلبہ و طالبات پر لاٹھیاں برسانے سے ہندوستان مضبوط نہیں ہوگا: پرینکا گاندھی

نئی دہلی: کانگریس کی جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی نے قومی راجدھانی دہلی کے جنتر منتر پر طلبہ و طالبات کے مظاہرہ کے دوران دہلی پولیس کی جانب سے لاٹھیاں برسانے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہندوستان نوجوانوں کو لاٹھیاں برسانے سے نہیں بلکہ انہیں روزگار فراہم کرنے سے مضبوط ہوگا۔

گزشتہ منگل یعنی 17 اگست کو ایس ایس سی جی ڈی (اسٹاف سلیکشن کمیشن – جنرل ڈیوٹی) کے امیدواروں نے جنتر منتر پر اپنے مطالبات کے حق میں احتجاجی مظاہرہ کیا تھا اور مظاہرے میں ملک بھر سے طلبہ و طالبات نے شرکت کی تھی۔ لیکن دہلی پولیس نے اس مظاہرے کو غیر قانون قرار دیتے ہوئے طلبا پر لاٹھی چارج کر دیا۔ اس دوران متعدد طلبا زخمی ہوئے اور ان کا علاج دہلی کے اسپتال میں چل رہا ہے۔

پرینکا گاندھی نے اس معاملہ پر ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا، ’’طلبہ و طالبات امتحان پاس کر چکے ہیں۔ عہدے خالی پڑے ہیں لیکن روز گار مانگنے پر ایس ایس سی – جی ڈی کے امیدوار طلبہ و طالبات کو لاٹھیاں مل رہی ہیں۔ نوجوانوں کو لاٹھیاں مارنے سے نہیں، روزگار دینے سے مضبوط ہندوستان بنے گا۔‘‘

خیال رہے کہ مظاہرہ کرنے والے طلبا 2018 میں ایس ایس سی کا امتحان اور میڈیکل کلیئر کر چکے ہیں، جس کا نتیجہ اسی سال فروری میں عام کیا جانا تھا۔ نتیجہ مقررہ وقت سے پورے تین سال لیٹ ہے۔ طلبا کا کہنا ہے کہ نتائج کے انتظار میں بیشتر امیدواروں کی عمر طے شدہ حد کو عبور کر چکی ہے لیکن حکومت مرکزی نیم فوجی دستوں میں خالی پڑے عہدوں پر تقرری نہیں کر رہی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں