مودی، شاہ اور راج ناتھ کی یوپی انتخابات میں ووٹ دینے کی اپیل

نئی دہلی، (یو این آئی): وزیر اعظم نریندر مودی، مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ اور وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے اتر پردیش اسمبلی انتخابات کے لیے جمعرات کو پہلے مرحلے کی پولنگ شروع ہونے کے بعد ووٹروں سے بڑھ چڑھ کر اور انتہائی جوش و خروش سے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کرنے کی اپیل کی۔

مسٹر مودی نے ٹویٹ کیا، ‘اتر پردیش اسمبلی انتخابات میں آج ووٹنگ کا پہلا مرحلہ ہے۔ میں تمام ووٹروں سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ کووڈ کے اصولوں پر عمل کرتے ہوئے جمہوریت کے اس مقدس تہوار میں جوش و خروش سے حصہ لیں۔ یاد رکھیں، پہلے ووٹ دیں، پھر ناشتہ!”

امت شاہ نے کہا کہ آج اتر پردیش میں پہلے مرحلے کی پولنگ ہے۔ انہوں نے رائے دہندگان سے اپیل کی کہ وہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں ووٹ ڈال کر ایسی حکومت کو منتخب کریں جو ریاست میں ترقی کے ساتھ ساتھ سلامتی، عزت اور اچھی حکمرانی بھی کرے۔ ووٹروں کا ایک ووٹ اتر پردیش کے روشن مستقبل کی بنیاد ہے۔

راج ناتھ سنگھ نے کہا، ’’جمہوری نظام میں سب سے بڑا عطیہ ووٹنگ ہے۔ اتر پردیش اسمبلی انتخابات کے لیے آج پہلے مرحلے کی ووٹنگ ہے۔ میں تمام ووٹروں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں اور نئے اتر پردیش کی تشکیل میں شراکت دار بنیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں