نئی دہلی/واشنگٹن، (یو این آئی): وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے ہفتہ کو واشنگٹن میں کہا کہ ہندوستان کی اقتصادی ترقی اس سال مضبوط ہے اور ہندوستان بڑی معیشتوں میں سب سے تیزی سے ترقی کرنے والا ملک ہے۔
محترمہ سیتا رمن نے کہا کہ یہ ہندوستانی معیشتوں کی مضبوطی اور ملک کے معاشی حالات میں اچھی بہتری کی عکاسی کرتا ہے۔ وہ ورلڈ بینک کی ترقیاتی کمیٹی کے 105ویں اجلاس میں شرکت کر رہی تھیں۔
وزیر خزانہ نے اجلاس میں مالی بحران سے گزر رہے سری لنکا کو امداد فراہم کرنے کا معاملہ بھی اٹھایا۔انہوں نے ورلڈ بینک کے صدر ڈیوڈ مالپاس کے ساتھ ملاقات میں سری لنکا کو بحران پر قابو پانے میں مدد کرنے کے معاملے پر بھی بات کی۔
نئی دہلی میں وزارت خزانہ کی ریلیز کے مطابق وزیر خزانہ نے عالمی بینک کی میٹنگ میں کہا کہ ہندوستان نے کووڈ کی وبا کا مضبوط طریقے سے سامنا کیا ہے۔ ملک میں کووڈ ویکسینیشن مہم نے قابل ذکر پیش رفت کی ہے اور ویکسین کی 1.85 بلین خوراکیں دی جا چکی ہیں۔
انہوں نے اس موقع پر کووڈ ویکسین انٹیلی جنس نیٹ ورک (کووون) پلیٹ فارم، جو کہ ہندوستان میں ویکسینیشن کے لیے ڈیزائن کیا گیا ایک ڈیجیٹل نیٹ ورک تمام ممالک کے لیے دستیاب کرانے کی ایک تجویز کا بھی ذکر کیا۔
اس سلسلے میں انہوں نے کہا کہ ہندوستان دوسرے ممالک میں عوامی سہولت کے ساتھ اپنے دوسرے ڈیجیٹل پلیٹ فارم کو اپنانے میں ان کی مدد کرنے کے لیے تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کا استعمال جن کی جانچ اور ضرورت کے مطابق توسیع کی جاسکتی ہے دیگر مقامات پر بھی فائدہ مند ہے۔