نئی دہلی، (یو این آئی): اطلاعات و نشریات کی وزارت نے ہندوستان کی قومی سلامتی، بیرونی ممالک کے ساتھ تعلقات اور امن و امان کے بارے میں غلط معلومات پھیلانے کے معاملے میں 16 یوٹیوب چینلز پرپیر کو پابندی لگانے کا اعلان کیا ہے وزارت کے بیان کے مطابق ان میں 10ہندوستان اور چھ پاکستان سے چلائے جارہے چینل ہیں ریلیز کے مطابق یہ کارروائی انفارمیشن ٹیکنالوجی رولز کے تحت فراہم کردہ ہنگامی اختیارات کے تحت کی گئی ہے۔
یہ چینل خبریں شائع کرتے تھے اور انہیں کل 68 کروڑ سے زیادہ باردیکھا جا چکا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ چین ہندوستان میں خوف کا ماحول پیداکرنے، فرقہ وارانہ ہم آہنگی اورامن و امان کو خراب کرنے کے لیے غلط اور غیر تصدیق شدہ معلومات پھیلاتے تھے۔ ممنوعہ پاکستانی چینلز میں آج تک پاکستان، ڈسکور، پوائنٹ ریئلٹی چیکس، قیصر خان، دی وائس آف ایشیا اور بول میڈیا بول شامل ہیں۔
انہیں کل 26 کروڑ 28 لاکھ 41 ہزار بار دیکھا جا چکا ہے اور ان کے شامل صارفین کی تعداد 17 لاکھ سے زیادہ ہے۔اس حکم میں ہندوستان کے جن یوٹیوب چینلوں پر پابندی عائد کی گئی ہے ان میں سینی ایجوکیشن ریسرچ، ہندی میں دیکھو، ٹیکنیکل یوگیندرا، آج تے نیوز، ایس بی بی نیوز، ڈیفنس نیوز 24×7، دی اسٹڈی ٹائم، تازہ ترین اپڈیٹس، ایم آر ایف ٹی وی لائیو اور تحفظ دین انڈیا کے نام ہیں۔
انہیں تقریباً 42 کروڑ 21 لاکھ بار دیکھا جا چکا ہے اور ان سے جڑے صارفین کی کل تعداد 25 لاکھ 54 ہزار سے زیادہ ہے۔وزارت نے تحفظ دین میڈیا سروسز انڈیا کے نام سے فیس بک اکاؤنٹ پر بھی پابندی لگا دی ہے۔ اس اکاؤنٹ سے جڑے لوگوں کی تعداد 23 ہزار سے زیادہ بتائی گئی ہے۔