نئی دہلی، (یو این آئی): ہندوستان نے آج وزیر اعظم نریندر مودی کے جموں و کشمیر کے دورے پر پاکستان کے نئے وزیر اعظم شہباز شریف کے بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو ہندوستانی وزیر اعظم کے جموں و کشمیر کے دورے پر تبصرہ کرنے کا کوئی حق نہیں ہے۔
آج یہاں باقاعدہ بریفنگ میں پاکستانی وزیر اعظم کے بیان کے بارے میں پوچھے جانے پر وزارت خارجہ کے ترجمان ارندم چودھری نے کہا کہ پاکستان کو وزیر اعظم مودی کے مرکز کے زیر انتظام علاقے جموں و کشمیر کے دورے پر تبصرہ کرنے کا کوئی حق نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ سب نے دیکھا کہ کس طرح وزیر اعظم مودی کا جموں و کشمیر کے لوگوں نے استقبال کیا۔ چاہے کوئی اسے کیسے دیکھے لیکن اسے اسٹیجڈ دورہ کہنا بالکل غلط ہے۔
جب ان سے پاکستان کی نئی حکومت کے بارے میں ہندوستان کے موقف کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ ہمارا موقف ایک ہی ہے۔ ہمارا کہنا ہے کہ ایسا ماحول ہونا چاہیے جس میں دہشت گردی نہ ہو، تبھی مذاکرات شروع کرنے کی طرف پیش رفت ہو سکتی ہے۔
کراچی بم دھماکوں پر ترجمان نے کہا کہ دہشت گردی کی تمام شکلوں پر ہمارا موقف یکساں ہے چاہے وہ کہیں بھی ہو، ہم اس کی مذمت کرتے ہیں۔ یہ واقعہ دہشت گردی کے خلاف تمام ممالک کو مشترکہ پالیسی اور موقف اختیار کرنے کی ضرورت کو واضح کرتا ہے۔