مودی نے پورٹ بلیئر میں ویر ساورکر ہوائی اڈے کی نئی عمارت کی نقاب کشائی کی

نئی دہلی، وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل کو پورٹ بلیئر میں ویر ساورکر بین الاقوامی ہوائی اڈے کی نئی ٹرمینل عمارت کی تختی کی نقاب کشائی کی مسٹرمودی نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے نئی ٹرمینل عمارت کی نقاب کشائی کی وزیر اعظم کے دفتر کے مطابق، نئی ٹرمینل عمارت تقریباً 710 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کی گئی ہے، جو مرکز کے زیرانتظام علاقے انڈمان اور نکوبار کے لئے رابطے کی سہولیات کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ اس نئے ٹرمینل کا تعمیر شدہ رقبہ تقریباً 40800 مربع میٹر ہے اوریہ نئی ٹرمینل عمارت سالانہ تقریباً 50 لاکھ مسافروں کو سنبھالنے کے قابل ہو گی۔

وہاں ہوائی اڈے پر 80 کروڑ روپے کی لاگت سے دو بوئنگ-767-400 اور دو ایئربس-321 قسم کے طیاروں کے لیے موزوں ایپرن کی تعمیربھی کی گئی ہے، جس سے یہ ہوائی اڈہ اب ایک وقت میں دس طیارے پارک کرنے کے قابل ہو گیا ہے۔

ٹرمینل فطرت سے متاثر ہے اور اس کا آرکیٹیکچرل ڈیزائن، سمندر اور جزائر کو دکھاتے ہوئے ایک شنکھ کی شکل کا ڈھانچہ جیسا نظر آتاہے۔ نئی ہوائی اڈے کی عمارت میں گرمی کو کم کرنے کے لیے ڈبل انسولیٹڈ روفنگ سسٹم، قدرتی سورج کی روشنی کو زیادہ سے زیادہ داخل کرانے کے لیے روشن دانوں کا انتظام، ایل ای ڈی لائٹنگ، گرمی کم کرنے والی گلیزنگ جیسی پائیدار کئی خصوصیات ہیں۔ اس عمارت میں زیر زمین پانی کے ٹینک میں بارش کے پانی کی ذخیرہ اندوزی، صد فیصد ری سائیکل شدہ گندے پانی کو لینڈ سکیپنگ کے لئے دوبارہ استعمال کرنے کے ساتھ آن- سائٹ سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ اور 500 کلو واٹ کا سولر پاور پلانٹ بھی موجود ہے۔

یواین آئی۔الف الف

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں