سہارا کے سرمایہ کاروں کوان کی رقم واپس ملے گی: شاہ

نئی دہلی، داخلہ اور تعاون کے مرکزی وزیر امت شاہ نے آج یہاں کہا کہ سہارا گروپ کوآپریٹیو سوسائٹی میں سرمایہ کاری کرنے والے چار کروڑ لوگوں کو ان کی رقم واپس کی جائے گی۔

مسٹر شاہ نے سوسائٹی اراکین کو سرمایہ کاری کی رقم واپس کرنے کے لیے سی آر سی ایس پورٹل کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ سب سے پہلے چھوٹے سرمایہ کاروں کو ان کی محنت کی کمائی کا حصہ واپس کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ سب سے پہلے سہارا میں 10 ہزار روپے سرمایہ کاری کرنے والے تقریباً ایک کروڑ سات لاکھ رجسٹرڈ لوگوں کوسرمایہ کاری کی رقم واپس کی جائے گی۔ یہ رقم 45 دنوں کے اندر ان کے بینک کھاتوں میں جمع کر دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ سہارا کوآپریٹیو سوسائٹی میں کل چار کروڑ سرمایہ کاروں نے اپنی پونجی لگائی تھی۔ اس معاملے میں کہیں بھی گڑبڑی نہیں ہونے دی جائے گی اورشفاف طریقے سے لوگوں کی ادائیگی کی جائے گی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ سرمایہ کاروں کے ساتھ مکمل انصاف ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ سہارا کوآپریٹیو سوسائٹی میں 30 ہزار روپے تک سرمایہ کاری کرنے والے تقریباً ڈھائی کروڑ لوگ ہیں، جنہیں یہ رقم ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاروں کو رقم کی واپسی کا عمل آن لائن اور مکمل طور پر شفاف ہے۔ قانونی لڑائی کی وجہ سے سرمایہ کاروں کی محنت کی کمائی پھنس گئی تھی، جو اب تمام متعلقہ فریقین اور سپریم کورٹ کی وجہ سے حل ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہت سی ایجنسیوں نے شکایت کے بعد سرمایہ کاروں کی رقم ضبط کرلی تھی لیکن بعد میں تمام فریقین نے معاملہ حل کر لیا۔

یواین آئی۔الف الف

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں