کمل ناتھ کا کسانوں کے لیے کرشی نیائے یوجنا کا اعلان

بھوپال، کانگریس نے مدھیہ پردیش میں آئندہ اسمبلی انتخابات کے لیے کسانوں سے متعلق ایک بڑا اعلان کرتے ہوئے آج کہا کہ کرشی نیائے یوجنا ریاست میں کانگریس کی حکومت بننے کے بعد لاگو کی جائے گی، جس کے تحت کسانوں کے قرض معاف کرنے کے ساتھ ساتھ مفت بجلی فراہم کرنے کا راستہ ہموار کیا جائے گا۔

یہاں ریاستی کانگریس کے دفتر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کمل ناتھ نے کہا کہ ریاست کی 70 فیصد معیشت زراعت پر مبنی ہے اور ریاست میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی حکومت کے دور میں یہ شعبہ پسماندہ ہوتا چلا گیا ہے۔ اسی لیے وہ آج کرشی نیائے یوجنا کو لاگو کرنے کا وعدہ کر رہے ہیں اور پارٹی کی حکومت بنتے ہی اسے نافذ کر دیا جائے گا۔

ریاستی کانگریس صدر کمل ناتھ نے کہا کہ اس اسکیم کے تحت کسانوں کے قرض معاف کئے جائیں گے۔ اس کے علاوہ پانچ ہارس پاور تک آبپاشی کنکشن کے لیے مفت بجلی فراہم کی جائے گی۔ اس سے تقریباً 37 لاکھ کسانوں کو فائدہ پہنچے گا۔ کسانوں کے پرانے بجلی کے بل معاف کیے جائیں گے۔ کسانوں کو 12 گھنٹے بلاتعطل بجلی فراہم کی جائے گی۔ کسانوں کے احتجاج سے متعلق فوجداری مقدمات واپس لیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ پہلے ہی 100 یونٹ بجلی کا بل معاف کرنے اور 200 یونٹ بجلی کا بل آدھا کرنے کا اعلان کر چکے ہیں۔ اس کے علاوہ کھیتی باڑی کا بجلی کا بل بھی معاف کر دیا جائے گا۔ اس طرح کسانوں کو مفت بجلی فراہم کرنے کی راہ ہموار ہوگی۔

جاری، یواین آئی، م ش

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں