مدھیہ پردیش میں یوم جمہوریہ روایتی جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا

بھوپال، 75 واں یوم جمہوریہ آج دارالحکومت بھوپال سمیت پورے مدھیہ پردیش میں روایتی خوشی، جوش اور ولولے کے ساتھ منایا گیا۔

یہاں ریاستی سطح کے اہم پروگرام میں گورنر منگو بھائی پٹیل نے ترنگا لہرایا اور مشترکہ اور عظیم الشان پریڈ کی سلامی لی۔

وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے اجین ضلع ہیڈکوارٹر میں منعقد ایک شاندار اور باوقار تقریب میں ترنگا لہرانے کے بعد پریڈ کی سلامی لی۔ اس کے علاوہ مختلف ضلعی ہیڈکوارٹرز پر منعقدہ تقریبات میں وزراء اور سرکردہ عوامی نمائندوں نے قومی پرچم ترنگا لہرا کر پریڈ کی سلامی لی۔ اس دوران ثقافتی پروگرام بھی پیش کیے گئے۔

گورنر مسٹر پٹیل نے یہاں موتی لال نہرو اسٹیڈیم میں ریاستی سطح کے یوم جمہوریہ کی مرکزی تقریب میں ترنگا لہرایا اور پریڈ کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں مسٹرپٹیل نے شہریوں سے مطالبہ کیا کہ وہ ہندوستان کے شاندار ماضی اور بھرپور ثقافتی روایات کے مطابق عمل کی راہ پر مسلسل چلتے ہوئے مدھیہ پردیش کو ترقی یافتہ اور خود کفیل بنانے میں اپنا بھرپور حصہ ڈالیں۔

گورنر نے کہا کہ یہ فخر کی بات ہے کہ ہم ہندوستان کے لوگ آئین میں درج انصاف، آزادی، مساوات، اتحاد، سالمیت اور بھائی چارے کے راستے پر چلتے ہوئے ترقی کی راہ پر مسلسل آگے بڑھ رہے ہیں۔ حکومت کا مقصد بالکل واضح ہے۔ پہلا، تمام طبقوں اور علاقوں کی ترقی اور بااختیار بنانا، دوسرا، عوامی بہبود کی اسکیموں کے فوائد کو قطار میں کھڑے آخری فرد تک پہنچانا، تیسرا، ریاست کی ہمہ جہت ترقی کے لیے فزیکل انفراسٹرکچر کو زیادہ سے زیادہ مضبوط کرنا۔ اس کے علاوہ سب کے لئے تعلیم، صحت، اسکل ڈویلپمنٹ، سرمایہ کاری اور روزگار اورخود روزگار کو ترجیح دینا۔

حکومت کے کام کاج میں ہر سطح پر اچھی حکمرانی کو یقینی بنانا اور وزیر اعظم نریندر مودی کی طرف سے منشور میں دی گئی ضمانتوں کو پورا کرتے ہوئے مدھیہ پردیش کو ملک کی سرکردہ ریاست بنانا ہے۔

وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے اجین میں منعقد ایک تقریب میں کہا کہ حکومت سخت فیصلے لینے میں بالکل بھی تاخیر نہیں کرے گی اور لوگوں کو غربت کی لکیر سے نکالنے میں ریاست ملک میں تیسرے نمبر پر ہے۔ ڈاکٹر یادو نے ریاستی حکومت کی اہم کامیابیوں کو بھی بیان کیا اور کہا کہ حکومت نے شری رام ون گمن پتھ کے تمام اہم مقامات کو ترقی دے کر چترکوٹ کو عالمی سطح کا مذہبی اور سیاحتی مقام بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

ریاستی حکومت اورچھا کے شری رام راجہ کمپلیکس میں شری رام راجا لوک کی ترقی کا عظیم کام کر رہی ہے۔ چیف منسٹر تیرتھ درشن اسکیم کے ذریعے ریاست کے بزرگ شہریوں کو بھگوان شری رام کے مقدس درشن کے لیے ہوائی اور ریل کے ذریعے ایودھیا کی یاتراکرائی جائے گی۔

​جاری یواین آئی۔الف الف

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں