چنڈی گڑھ، ہریانہ کے وزیر اعلی منوہر لال کھٹر نے جمعہ کو کرنال میں 75 ویں یوم جمہوریہ پر پرچم لہرایا۔
اس موقع پر مسٹرکھٹر نے اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مکھیہ منتری شہری آواس یوجنا کے تحت یکم فروری سے 11 شہروں میں پلاٹوں کی الاٹمنٹ کے لیے ایک پورٹل کھولا جائے گا، جس میں 30 مربع گز کا پلاٹ دیا جائے گا۔ درخواست دہندگان معمولی رقم جمع کر کے اس میں حصہ لے سکیں گے۔ ایسے لوگوں کو بینکوں سے قرض فراہم کیا جائے گا اور مرکزی و ریاستی حکومت کی طرف سے تعاون بھی فراہم کیا جائے گا، تاکہ وہ اپنا گھر بنا سکیں۔
مسٹر کھٹر نے کہا کہ ریاستی حکومت کی طرف سے غریبوں اور ضرورت مندوں کے سروں پر چھت فراہم کرنے کے لئے یہ اسکیم شروع کی گئی تھی اور حکومت نے اشتہار کے ذریعہ پلاٹ یا فلیٹ کے لئے درخواستیں طلب کی تھیں۔ اس اسکیم کے تحت اب تک ایک لاکھ لوگوں نے درخواست دی ہے۔ انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ کرنال میں واقع ڈاکٹر منگل سین آڈیٹوریم میں ڈاکٹر منگل سین کا مجسمہ اور کلپنا چاولہ میڈیکل کالج میں کلپنا چاولہ کا مجسمہ نصب کیا جائے گا۔ پرچم کشائی سے قبل انہوں نے شہید یادگار پرشہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے ہریانہ پولیس، مہیلا پولیس دستے، ہوم گارڈز اور اسکاؤٹس وغیرہ کے دستوں کی پریڈ کا معائنہ کیا۔
یواین آئی۔الف الف