الہ آباد، انجمن انتظامیہ کمیٹی نے گیانواپی مسجد کے جنوب مشرقی تہہ خانے میں کاشی وشوناتھ مندر ٹرست کو پوجا کرنے کی اجازت دینے والے وارانسی ڈسٹرکٹ کورٹ کے حکم کے خلاف الہ آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا۔
دریں اثناء، دوسرے فریق کے شیلیندر پاٹھک نے کیویٹ پٹیشن داخل کرکے مطالبہ کیا ہے کہ انہیں اس کیس میں سماعت کا موقع دیا جائے۔
ضلع جج نے 31 جنوری کو حکم جاری کرکے ضلع مجسٹریٹ کو ہدایت دی تھی کہ مدعی اور کاشی وشوناتھ ٹیمپل ٹرسٹ کو پجاری کے ذریعہ تہہ خانے میں پوجا کرنے کا بندوبست کیا جائے۔
انجمن انتظامیہ مسجد کمیٹی کی طرف سے دائر عرضی میں ڈسٹرکٹ جج کے حکم پر روک لگانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ ابھی تک آرڈر 7 رول 11 کے تحت مقدمے کی برقراری سے متعلق درخواست کا فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔ اس لیے بنارس کے ڈسٹرکٹ جج کی طرف سے پوجا کی اجازت دینے کا حکم درست نہیں ہے۔
اس معاملے میں ہندو فریق کے مدعی شیلیندر کمار پاٹھک نے کیویٹ پٹیشن دائر کیا ہے، جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ اگر انتظامیہ کمیٹی کوئی درخواست دائر کرتی ہے تو اس معاملے میں کوئی حکم دینے سے پہلے ان کا موقف سنا جائے۔
واضح رہے کہ ضلع جج اجے کرشن وشویشا کی عدالت نے بدھ کے روز شیلیندر کمار پاٹھک بنام انجمن انتظامیہ کمیٹی اور دیگر کے معاملے میں حکم جاری کرکے گیانواپی مسجد پراپرٹی پلاٹ 9130 کے جنوبی تہہ خانے میں پوجا کرنے کے لیے 7 دنوں کے اندر بندوبست کرنے کی ہدایت دی تھی، جس کے تحت گذشتہ شب سے ضلع مجسٹریٹ کی نگرانی میں پوجا کی شروعات کردی گئی ہے۔
یو این آئی۔ م ش۔