پرتاپ گڑھ،پیس پارٹی کے قومی صدر ڈاکٹر ایوب سرجن نے کہا کہ مرکزی حکومت کے ذریعہ پیش بجٹ میں وہی ہوا جس کا اندازہ تھا ،یہ بجٹ 2024 پارلیمانی انتخاب پر مبنی ہے ،اور ہمیشہ کی طرح اس بجٹ میں غریبوں ،بے روزگاروں ،نوجوانوں و متوسط طبقے کے لئے کچھ نہیں ہے ،خصوصی طور سے یہ ملک کی بیس فیصد آبادی اقلیتوں کے لئے مایوس کن ہے ۔انہوں نے پیش بجٹ پر اپنے ردعمل میں مذکورہ تاثرات کا اظہار کیا ۔
ڈاکٹر ایوب سرجن نے کہا کہ مرکزی حکومت نے اقلیتوں کی ترقی و بھلائی کے لئے محض 3182.24 کروڑ مختص کیا ہے ،مالیاتی سال 24-2023 میں اقلیتی بہبود کا بجٹ 3097.60 کروڑ تھا ،اس طرح 25-2024 کے اقلیتی بہبود بجٹ میں گزشتہ سال کے مقابلے محض 86 کروڑ کا اضافہ کیا گیا ہے ۔وزیر اعظم سب کا ساتھ سب کا وکاس کا نعرہ تو لگاتے ہیں ،مگر انہوں نے اقلیتوں کی ترقی و مفاد کو نظر انداز کر ملک کی بیس فیصد آبادی کو مایوس کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ مجموعی بجٹ میں اقلیتوں کی حصہ داری ایک فیصد بھی نہیں ہے ۔حکومت آہستہ آہستہ اقلیتوں کے جاری اسکیم میں تخفیف کرتی جارہی ہے ،اور کئی پرانی اسکیمات کو ختم کر دیا گیا ہے ۔گزشتہ حکومت نے اقلیتی بہبود کے لئے 2006 میں علحدہ وزارت قائم کی تھی جس کے بجٹ میں ہر سال اضافہ کیا جاتا تھا ،مگر موجودہ حکومت مسلسل بجٹ میں کمی کرتی جارہی ہے ،جس کے نتیجہ میں سب کا ساتھ سب کا وکاس کا نعرہ محض کھوکھلا ثابت ہوکر رہ گیا ہے .
یواین آئی- ع کریم خاں