سپریم کورٹ میں سورین کی درخواست مسترد، ہائی کورٹ سے رجوع کرنے کی ہدایت

نئی دہلی، سپریم کورٹ نے جھارکھنڈ کے سابق وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین کی گرفتاری کے خلاف دائر درخواست کو جمعہ کے روز مسترد کر دیا جسٹس سنجیو کھنہ، جسٹس ایم ایم سندریش اور جسٹس بیلا ایم ترویدی کی خصوصی بنچ نے درخواست کو مسترد کر دیا اور سورین سے کہا کہ وہ اپنی ضمانت کے لیے جھارکھنڈ ہائی کورٹ سے رجوع کریں سورین کو جھارکھنڈ میں مبینہ زمین گھوٹالہ سے متعلق منی لانڈرنگ کیس میں مرکزی تحقیقاتی ایجنسی انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے بدھ کو ایک ڈرامائی پیش رفت کے بعد گرفتار کیا تھا۔ انہوں نے بدھ کو وزیر اعلیٰ کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ ریاست کی خصوصی عدالت نے انہیں جمعرات کو ایک دن کی عدالتی حراست میں بھیج دیا تھا۔

عدالت عظمیٰ کی بنچ نے جمعہ کو درخواست خارج کرتے ہوئے عرضی گزار کی نمائندگی کرنے والے سینئر وکیل کپل سبل سے پوچھا، ‘آپ کو ہائی کورٹ کیوں نہیں جانا چاہئے؟ عدالتیں سب کے لیے کھلی ہیں۔‘‘

خصوصی بنچ نے وکیل سے یہ بھی کہا، ’’ہائی کورٹس بھی آئینی عدالتیں ہیں۔ اگر ہم ایک شخص کو اجازت دیتے ہیں تو ہمیں سب کو دینا ہوگا۔

سورین کی طرف سے پیش ہونے والے سینئر وکیل اے ایم سنگھوی نے یہ بھی استدلال کیا کہ عدالت عظمیٰ کومعاملے پر غور کرنے کا ہم وقتی دائرہ اختیارحاصل ہے۔ مسٹر سبل نے کہا کہ یہ عدالت ہمیشہ اپنی صوابدید کا استعمال کر سکتی ہے۔

ان دلائل کا بنچ پر کوئی اثر نہیں ہوا اور اس نے درخواست کو مسترد کر دیا۔

اس کے بعد مسٹر سبل نے بنچ سے اپیل کی کہ ہائی کورٹ کے ذریعہ کیس کی سماعت کے لئے ایک وقت کی حد مقرر کی جائے۔

اس پر بنچ نے کہا کہ ہم ہائی کورٹ کو کنٹرول کرنے نہیں جا رہے ہیں۔

ایڈیشنل سالیسٹر جنرل ایس وی راجو، ای ڈی کی طرف سے پیش ہوئے، نے دلیل دی کہ فوری کیس کی سماعت کے لیے ایک خصوصی بنچ تشکیل دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عام آدمی کو اس طرح کے فوائد کبھی نہیں ملیں گے۔

جاری یواین آئی۔الف الف

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں