لکھنؤ، اتر پردیش کی گورنر آنندی بین پٹیل نے جمعہ کو کہا کہ شری رام جنم بھومی مندر کی شکل میں راشٹر مندر کا قیام ہندوستان کے ثقافتی فخر کا دوبارہ قیام ہے۔
یہاں دونوں ایوانوں سے خطاب کرتے ہوئے گورنر نے اپنے خطاب کے آغاز میں مقننہ کے تمام اراکین اور ریاست کے عوام کے لیے خوشی، امن اور خوشحالی کی خواہش کی۔ رام مندر کی حال ہی میں ختم ہونے والی پران پرتیستھا تقریب کا خصوصی ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سال 2024 ہندوستان کی تاریخ میں ایک ناقابل فراموش یاد کے طور پر درج ہو گیا ہے۔
گورنر کے خطاب کے دوران، اہم اپوزیشن پارٹی سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے اراکین ویل میں آکرنعرے بازی کرتے رہے۔ انہوں نے گورنر گوبیک کے نعرے لگائے۔
زبردست شور شرابے کے درمیان گورنر نے اپنے خطاب میں ریاست کی ترقی میں موجودہ یوگی حکومت کے تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔
کسانوں کے مفادات کے تئیں حکومت کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے، انہوں نے گنے کی قیمتوں میں حالیہ اضافے پر بھی بات کی۔ فروری 2023 میں منعقدہ یوپی گلوبل انویسٹرس سمٹ پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ اب تک ہندوستان اور بیرون ملک سرمایہ کے ذریعہ 40 لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ کی سرمایہ کاری کی تجاویز موصول ہوئی ہیں۔ سرمایہ کاری کی ان تجاویز سے تقریباً ایک کروڑ 10 لاکھ لوگوں کو روزگار ملے گا۔ گراؤنڈ بریکنگ سیرمنی کے ذریعہ سرمایہ کاری کی تجاویز کو زمین پر لا کر روزگار کے وسیع مواقع پیدا کیے جائیں گے۔
اجودھیا میں رام بھکتوں کی سہولت اور آسان درشن کے لیے ریاستی حکومت کی طرف سے کی جا رہی کوششوں پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ اجودھیا میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے بہت سے مفید کام مکمل ہو چکے ہیں۔
یواین آئی۔الف الف