ہندوستان – سعودی عرب کی مشترکہ فوجی مشقیں کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر

نئی دہلی، ہندوستانی فوج اور رائل سعودی لینڈ فورس کے درمیان پہلی مشترکہ فوجی مشق ‘’صدا تنصیق‘ جمعرات کو راجستھان کے مہاجن فیلڈ فائرنگ رینج میں کامیابی کے ساتھ مکمل ہوگئی۔

فوجی مشق کا آغاز 29 جنوری کو ہوا تھا اور 12 روزہ طویل مشترکہ مشق کا مقصد دونوں فوجوں کے درمیان باہمی تعاون کو حاصل کرنا اور اقوام متحدہ کے مینڈیٹ کے تحت آپریشنل طریق کار اور جنگی مشقوں سے ایک دوسرے کو واقف کرانا تھا۔

ہندوستان کی بریگیڈ آف گارڈز رجمنٹ کی 20ویں بٹالین کے 45 فوجیوں اور سعودی عرب کی رائل سعودی لینڈ فورس کے 45 فوجیوں نے مشترکہ مشق میں حصہ لیا۔

یہ مشق دو مرحلوں میں منعقد کی گئی۔ دوسرا مرحلہ جسمانی ورزش اور مشترکہ توثیق کے مرحلے پر اختتام پذیر ہوا۔ دونوں دستوں نے توثیق کے مرحلے میں مشترکہ طور پر حصہ لیا جس میں ایک عارضی آپریٹنگ بیس کی تعمیر، ایک انٹیلی جنس، نگرانی اور جاسوسی (آئی ایس آر) گرڈ کا قیام، موبائل گاڑیوں کی چیک پوسٹ کا قیام، ایک دشمن گاؤں میں محاصرہ اور تلاشی کی کارروائی، ہیلی بورن آپریشن اورہاؤسنگ آپریشن شامل تھے۔ ان میں مداخلت کی مشقیں اور یرغمالیوں کو بچانابھی شامل تھا۔ توثیق کے مرحلے میں پلاٹون جنگی مشقیں بھی دیکھی گئیں جن میں انفنٹری کمبیٹ وہیکلز (آئی سی وی) اور مختلف ہتھیاروں سے فائرنگ شامل تھی۔ یہ مشق ہندوستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے اور دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک تعلقات استوار کرنے میں کامیاب ہوئی ہے۔

مشترکہ مشق کی اختتامی تقریب 9 فروری 24 کو منعقد ہوگی جس میں فوجیوں کو خراج تحسین پیش کرنے اور دونوں دستوں کی طرف سے سیکھی گئی مشقوں کا تبادلہ کرنے کا موقع ملے گا۔ مشق کے دوران، دونوں فوجوں نے قیمتی جنگی تجربہ اور جنگی مہارتیں شیئر کیں۔ تربیت کے علاوہ، دونوں ٹیموں نے دوستانہ کرکٹ، باسکٹ بال، والی بال اور ٹگ آف وار میچز سمیت متعدد غیر نصابی سرگرمیوں میں بھی حصہ لیا۔ یہ مشق دونوں ممالک کے درمیان اچھے تعلقات استوار کرنے کی جانب ایک اہم قدم تھا۔

یواین آئی، م ش

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں