نئی دہلی، دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے پیر کو کہا کہ دہلی ایک مکمل ریاست نہیں ہے اور اس کی اصل طاقت مرکزی حکومت کے پاس ہونے کی وجہ سے وہ دہلی کے اندر منتخب حکومت کو کام نہیں کرنے دے رہی ہے۔
دہلی جل بورڈ کی ’ون ٹائم سیٹلمنٹ‘ اسکیم پر بحث کی حمایت کرتے ہوئے مسٹر کیجریوال نے کہا کہ دہلی میں ہماری حکومت ہے۔ اس کے باوجود ہماری حکومت کی ایک پالیسی پر عمل نہیں ہو رہا۔ دہلی کے اندر لوگوں کو غلط بل مل رہے ہیں اور ان بلوں کو درست کرانے کے لیے یہ پالیسی لائی جا رہی ہے۔ ایوان میں حکمران جماعت کہہ رہی ہے کہ پانی کے صارفین کے غلط بلوں کو درست کیا جائے اور اپوزیشن کہہ رہا ہے کہ ٹھیک نہیں ہونے چاہیے۔ دہلی کے حوالے سے یہ ایک بڑی بے ضابطگی ہے۔
کہنے کو تو دہلی آدھی ریاست ہے، لیکن ہمیں لگتا ہے کہ پانچ فیصد بھی ریاست نہیں ہے۔ اگر دہلی ایک مکمل ریاست ہوتی تو کسی افسر کی ہمت نہیں تھی کہ وہ وزیر اعلیٰ یا وزیر کے حکم کی خلاف ورزی کرکے دو منٹ بھی اپنے عہدے پر برقرار رہ پاتا۔ دہلی ایک مکمل ریاست نہیں ہے اس لیے اصل طاقت مرکزی حکومت کے پاس ہے۔ مرکز میں دوسری پارٹی کی حکومت ہے اور وہ نہیں چاہتی کہ دہلی کے اندر منتخب حکومت کام کرسکے۔
انہوں نے کہا کہ یہاں دہلی جل بورڈ کے تقریباً 27 لاکھ صارفین ہیں۔ ان میں سے تقریباً 10 لاکھ یعنی 40 فیصد گھریلو صارفین اپنے پانی کے بل ادا نہیں کر رہے ہیں۔ ان صارفین کو لگتا ہے کہ ان کے بل غلط آئے ہیں، ان کے بل درست نہیں ہیں۔ اگر کسی ریاست کے 40 فیصد گھریلو صارفین پانی کے بل ادا نہیں کر رہے ہیں تو کسی بھی ذمہ دار حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس بارے میں کوئی پالیسی بنائے۔ ایک طرف تمام صارفین ناخوش ہیں۔ کووڈ کے دوران بڑے پیمانے پر مسائل پیدا ہوئے اور آج 40 فیصد دہلی پانی کے غلط بلوں کی شکار ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہماری حکومت عوام کی حکومت ہے۔ ہم عوام کی فلاح و بہبود کا خیال رکھتے ہیں۔ کئی ارکان نے ایوان کو بتایا کہ اگر وہ اپنے دفتر میں بیٹھے ہیں تو غلط بلوں کو درست کرنے کا رش ہوتا ہے۔ اس کو کیسے نظر انداز کیا جا سکتا ہے؟ ہماری حکومت دہلی کے لوگوں کے پانی کے بل کے مسئلے کو حل کرنے کے لیے ون ٹائم سیٹلمنٹ اسکیم لے کر آئی ہے۔ اس اسکیم کے تحت، اگر کسی صارف نے جب سے اپنے پانی کا بل جمع نہیں کیا ہے، اس دوران اس کی دو یا دو سے زیادہ اوکے ریڈنگ ملتی ہے تو اس ریڈنگ کو درست مان لیاجائے گا اور اس کا اوسط نکال کر اس پر بقیہ ماہ کا بل بنادیاجائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ون ٹائم سیٹلمنٹ اسکیم 13 جون 2023 کو منظور ہوئی تھی۔ اس پلان پر فوری عمل درآمد ہونا چاہیے تھا۔ ڈی جے بی بورڈ سے اسے منظور ہوئے آٹھ ماہ ہوچکے ہیں لیکن افسران نے اس پر عمل درآمد کرنے سے انکار کردیا۔ آج صورتحال یہ ہے کہ منصوبہ کابینہ میں لانا پڑا۔ اس منصوبے پر عملدرآمد اسی صورت میں ہو گا جب کابینہ اسے منظور کر لے گی۔
انہوں نے کہا کہ دہلی میں سنگین آئینی بحران پیدا کرنے کے پیچھے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کا ہاتھ ہے۔ بی جے پی دہلی والوں سے نفرت کرتی ہے۔ جب دہلی کے لوگ غمگین ہوتے ہیں تو بی جے پی کے اندر خوشی کی لہر دوڑ جاتی ہے۔ جب دہلی والے بیمار ہوتے ہیں تو بی جے پی والے خوش ہوتے ہیں۔ بی جے پی کے لوگ دہلی کو برباد کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے دو مہینے تک دہلی حکومت کے اسپتالوں کی ادویات بند کر دیں۔ انہوں نے محلہ کلینک کا تین ماہ تک کرایہ ادا کرنے کی اجازت نہیں دی۔ اب یہ لوگ ون ٹائم سیٹلمنٹ سکیم کی مخالفت کر رہے ہیں۔
یواین آئی۔الف الف