کاس گنج:ٹرکٹر۔ٹرالی پلٹنے سے 15عقیدت مندوں کی موت، کئی زخمی

کاس گنج: اترپردیش کے ضلع کاس گنج کے تھانہ پٹیالی علاقے میں دیوریا گنج کے نزدیک ہفتہ کو ماگھ پورنما کے دن کادر گنج گنگا گھاٹ پر گنگا اسنان کرنے جاتے ہوئے عقیدت مندوں سے بھری ٹرکٹر۔ٹرالی کے تالاب میں گرنے سے 15عقیدت مندوں کی موت ہوگئی جبکہ دیگر کئی زخمی ہوگئے۔

پولیس ذرائع کے مطابق متاثرہ ایٹہ کے جیتھرا تھانہ علاقے کے کسا گاؤں کے بتائے جارہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق مہلوکین کی تعداد بڑھ سکتی ہے۔ مہلوکین میں سات بچے اور آٹھ خواتین شامل ہیں۔

حادثے کی خبر ملتے ہی پٹیالی کے ایس ڈی ایم اور سی او پولیس فورس کے ساتھ موقع پر پہنچے۔ کاس گنج کے ایس پی اپرنا رجت کوشک اور ڈی ایم سدھا ورما بھی موقع پر موجود ہیں۔

ایس پی کاس گنج نے صرف ٹرکٹر ٹرالی پلٹنے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ایس ٹی ایم اور سی او کاس گنج موقع واردات پر موجود ہیں راحت رسانی کا کام جاری ہے۔پٹیالی کے سی او وجئے سنگھ رانا نے بھی حادثے کی تصدیق کی ہے۔انہوں نے کہا کہ راحت بچاؤ کا کام جاری ہے۔

یواین آئی۔ولی

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں