نئی دہلی، حکومت کمبوڈیا میں ملازمت کے بہانے غیر قانونی سائبر سرگرمیوں میں ملوث 250 ہندوستانی شہریوں کو محفوظ طریقے سے نکالنے اور مجرموں پر نکیل کسنے کے لیے کمبوڈیا کی حکومت کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے۔
کمبوڈیا میں پھنسے ہوئے ہندوستانیوں کے بارے میں میڈیا کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے، وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے ہفتہ کو کہا ’’ہم نے کمبوڈیا میں پھنسے ہوئے ہندوستانی شہریوں کے بارے میں میڈیا رپورٹس دیکھی ہیں۔ کمبوڈیا میں ہمارا سفارت خانہ ان ہندوستانی شہریوں کی شکایات کا فوری ردعمل دے رہا ہے جنہیں اس ملک میں روزگار کے مواقع کا لالچ دیا گیا لیکن غیر قانونی سائبر کارروائیاں کرنے پر مجبور کیا گیا۔‘‘
مسٹر جیسوال نے کہا کہ کمبوڈیا کے حکام کے ساتھ مل کر کام کرتے ہوئے، تقریباً 250 ہندوستانیوں کو بچایا گیا ہے اور انہیں واپس بھیجا گیا ہے، جن میں سے 75 کو صرف پچھلے تین مہینوں میں بچایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا ’’وزارت خارجہ اور کمبوڈیا میں ہندوستانی سفارت خانے کی طرف سے اس طرح کے گھپلوں کے بارے میں ہمارے شہریوں کو کئی مشورے بھی جاری کیے گئے ہیں۔‘‘
ترجمان نے کہا ’’ہم کمبوڈیا میں ان تمام ہندوستانی شہریوں کی مدد کرنے کے لیے پرعزم ہیں جو ہماری مدد کے خواہاں ہیں۔ ہم کمبوڈیا کے افسران اور ہندوستانی ایجنسیوں کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں تاکہ ان فرضی اسکیموں کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جا سکے۔‘‘
یو این آئی۔ این یو۔