جودھ پور، مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کانگریس پر ملک کو اندھیروں میں دھکیلنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے گزشتہ دس برسوں میں ملک کو محفوظ اور خوشحال بنانے کا کام کیا ہے۔
مسٹر شاہ پیر کو یہاں ایک جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ مسٹرمودی نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور ملک کا پرچم دنیا میں بلند کرنے کا کام کیا ہے اور اس کی وجہ سے سارے لوگ تیار بیٹھے ہیں کہ مسٹرمودی کے تیسری بار ملک کے وزیر اعظم بنیں۔ لیکن اس کے لیے ہر ووٹر کو ووٹ دینے کا کام کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی قائدین کے ساتھ میٹنگ ہوئی ہے اور ہم نے ایک ایکشن پلان بنایا ہے جو تھوڑا مشکل ضرورہے لیکن بی جے پی کارکنوں کے لئے یہ کوئی مشکل کام نہیں ہے اور وہ مشکل کام بھی بخوبی انجام دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایکشن پلان کو ووٹروں کی دہلیز تک لے جانا ہے اور مسٹرمودی کے پیغام کو پہنچانا ہے۔
انہوں نے الزام لگاتے ہوئے کہا کہ ملک میں دس سال قبل یوپی اے کی حکومت تھی جس نے عوام کے مستقبل کو تاریک بنادیا جب کہ مسٹر مودی نے دس سال میں ہر میدان میں تبدیلی لانے کا کام کیا۔ اس دوران 80 کروڑ لوگوں کو مفت راشن فراہم کرنے کا کام کیا گیا۔ اسی طرح 2 کروڑ بیت الخلا بنانے، چار کروڑ سے زیادہ لوگوں کو گھر فراہم کرنے، دس کروڑ سے زیادہ لوگوں کو اجولا گیس کنکشن، 14 کروڑ گھروں کو نل کا پانی فراہم کرنے کا کام کیا گیا۔ اس کے علاوہ 60 کروڑ لوگوں کو 5 لاکھ روپے تک کا صحت کامکمل اخراجات فراہم کرنے کا کام بھی کیا گیا۔
مسٹرشاہ نے کہا کہ اس دوران ملک کو محفوظ بنانے کا کام کیا جب کہ اس سے پہلے ہر روز بم دھماکے ہوتے تھے۔ مسٹرمودی کے دور میں پاکستان کے اندر جاکر سرجیکل اسٹرائیک کرکے دہشت گردوں کو ختم کرنے کا کام کیا گیا۔ مسٹرمودی نے ملک کو محفوظ اور خوشحال بنانے کے لیے کام کیا۔
انہوں نے کہا کہ مسٹر مودی نے ملک کو معیشت میں 11ویں سے پانچویں نمبر پر لانے کا کام کیا۔ اگر مودی تیسری بار وزیر اعظم بنتے ہیں تو ہندوستان دنیا کی تیسری سب سے بڑی معیشت والا ملک بن جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آرٹیکل 370 کو ختم کر کے مسٹرمودی نے کشمیر میں ترنگا لہرانے کا کام کیا اورایودھیا میں رام مندر کی تعمیر بھی ممکن ہوئی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس بار بی جے پی 70 فیصد ووٹوں کے ساتھ جیتے گی۔
یواین آئی۔الف الف