کانگریس اورآر جے ڈی مسلم ووٹ کو اپنی جاگیر نہ سمجھے، مناسب شراکت دے: ساجد ملک

نئی دہلی، لوک سبھا کے عام انتخابات میں مسلمانوں کو نظر انداز کرنے کا کانگریس اور راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) پر الزام لگاتے ہوئے معروف سماجی کارکن اور کانگریسی لیڈر ساجد ملک نے کہاکہ مسلمانوں کے تئیں دونوں پارٹیوں کے رویے سے ایسا محسوس ہورہا ہے کہ دونوں پارٹیاں مسلم ووٹ کو اپنا جاگیر سمجھ رہی ہیں اور شراکت دینے سے گریز کر رہی ہیں انہوں نے کہاکہ جہاں کانگریس مختلف جگہوں پر مسلمانوں کا ٹکٹ کاٹ رہی ہے وہیں دوسری طرف آر جے ڈی بھی مسلمانوں کو ٹکٹ دینے سے گریز کررہی ہے اس کا مقصد پارلیمنٹ میں مسلمانوں کی نمائندگی کو کم کرنا سمجھ میں آرہا ہے۔انہوں نے کہاکہ کانگریس نے اب تک گجرات، راجستھان،مدھیہ پردیش اور تلنگانہ سے کسی مسلمان کو ٹکٹ نہیں دیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ آسام سے کانگریس کے تین لوک سبھا کے رکن ہیں۔ عبدالخالق، گورور گوگوئی اور پردیوت بوردولوئی۔ افسوسناک بات یہ ہے کہ کانگریس نے دونوں غیر مسلم رکن پارلیمنٹ کو تو ٹکٹ دیا ہے لیکن عبدالخالق کا ٹکٹ کاٹ دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب تک کی جاری کردہ کانگریس کی فہرست میں راجستھان، مدھیہ پردیش اور گجرات سے کسی مسلمان کو ٹکٹ نہیں دیا ہے جب کہ تینوں ریاستوں سے مسلمان منتخب ہوکر آتے رہے ہیں۔ راجستھان سے ہی کانگریس نے رفیق منڈیلا اور سوائی مادھوپور سے معروف کرکٹر اظہر الدین کو ٹکٹ دیا تھا لیکن اس بات کی فہرست سے مسلمانوں کا نام غائب ہے۔

انہوں نے کہاکہ کانگریس اور بہار میں راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی)دونوں ہی پارٹیوں نے مسلمانوں کی نمائندگی کم کرنے کا تہیہ کرلیا ہے۔ اس لئے کئی جگہ دونوں پارٹیوں نے کھیل کرتے ہوئے مسلمانوں کا ٹکٹ کاٹ دیا ہے۔ابھی تک کانگریس نے کٹیہار سے طارق انور اور کشن گنج سے جاوید احمد کو ہی ٹکٹ دیا ہے جب کہ آر جے ڈی نے مسلمانوں کو اب تک لٹکاکر رکھا ہے۔ انہوں نے کہاکہ راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کو پانچ مسلمانوں کو ٹکٹ دینا تھا لیکن حالات بتارہے ہیں شاید ہی اتنے ٹکٹ مسلمان کو ملے جب کہ بہار میں مسلمانوں کی آبادی تقریبا ۱۸ فیصد ہے۔ جس طرح کے حالات پیدا کردئے گئے ہیں اس میں مسلمانوں کی نمائندگی بہت کم ہوناطے ہے۔انہوں نے کہاکہ اس طرح دونوں پارٹیوں نے مسلمانوں کو حاشیہ پر دھکیلنے اور اس کی نمائندگی کم کرنے کا تہیہ کرلیا ہے۔ اگر مسلمانوں کی نمائندگی کم ہوگی تو مسلمانوں کی ترقی ٹھپ ہوجائے گی۔

مسٹر ساجد ملک جو العائشہ فاؤنڈیشن کے چیرمین بھی ہیں، نے ان پارٹیوں سے سوال کیا کہ کیا مسلمان یکطرفہ طور پر ووٹ دینے کے لئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کانگریس، آر جے ڈی، جے ایم ایم اور دیگر سیکولر پارٹیاں کب تک بی جے پی سے خوف دلاکر مسلمانوں کا ووٹ حاصل کرتی رہیں گی اور شراکت کے بجائے مسلما نوں کی نمائندگی کم کرتی رہیں گی۔

یو این آئی۔ ع ا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں