نئی دہلی، دہلی کی ایک خصوصی عدالت نے شراب پالیسی 2021-2022 کے مبینہ گھوٹالہ سے متعلق منی لانڈرنگ کیس میں بھارت راشٹر سمیتی (بی آر ایس) کے قانون ساز کونسل کی رکن کے کویتا کی عدالتی حراست میں منگل کو 23 اپریل تک توسیع کر دی گئی راؤز ایونیو کورٹ میں واقع کاویری باویجا کی خصوصی عدالت نے مرکزی تفتیشی ایجنسی انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) اور ملزمین کے وکلاء کی دلیلیں سننے کے بعد یہ حکم دیا۔
ای ڈی نے محترمہ کویتا کی عدالتی حراست میں توسیع کی درخواست کی جسے قبول کر لیا گیا۔ انہیں دو ہفتے کی عدالتی تحویل مکمل کرنے کے بعد منگل کو خصوصی عدالت میں پیش کیا گیا تھا ۔
اس سے قبل پیر کو خصوصی عدالت نے بھارت راشٹر سمیتی کی رہنما محترمہ کویتا کی عبوری ضمانت کی درخواست مسترد کر دی تھی۔خصوصی عدالت نے مرکزی تفتیشی ایجنسی ای ڈی اور درخواست گزار محترمہ کویتا کے دلائل سننے کے بعد 4 اپریل کو اپنا فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔
تلنگانہ کے سابق وزیراعلی کے۔ چندر شیکھر راؤ کی بیٹی کویتا (46) کو ای ڈی نے 15 مارچ کو حیدرآباد میں ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کیا تھا۔
17 اگست، 2022 کو، مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) نے سال 2021-22 کے لیے دہلی کی ایکسائز پالیسی (شراب پالیسی) کی تشکیل اور نفاذ میں مبینہ بے ضابطگیوں کا الزام لگاتے ہوئے فوجداری کا ایک مقدمہ درج کیا تھا۔ اس بنیاد پر ای ڈی نے 22 اگست 2022 کو منی لانڈرنگ کا مقدمہ درج کیا تھا۔
ای ڈی کا دعویٰ ہے کہ کویتا اور عام آدمی پارٹی کے کچھ دیگر اعلیٰ لیڈروں بشمول دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال اور سابق نائب وزیر اعلی منیش سسودیا کے ساتھ مل کر شراب کی پالیسی میں غلط طریقے سے فائدہ حاصل کرنے کے لیے “سازش” میں ملوث تھے۔
وزیر اعلیٰ کیجریوال اور سابق وزیر اعلیٰ میش سسودیا دونوں ہی عدالتی حراست میں تہاڑ جیل میں بند ہیں۔ کے۔ کویتا کو بھی اس جیل میں رکھا گیا ہے۔
اس معاملے میں دیگر ملزمین میں آپ کے ممبر پارلیمنٹ سنجے سنگھ کو حال ہی میں سپریم کورٹ نے ضمانت دی تھی۔ اس کے بعد خصوصی عدالت نے تہاڑ جیل انتظامیہ کو انہیں مشروط ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔ اسی بنیاد پر مسٹر سنگھ کو ضمانت پر رہا کر دیا گیا۔
یو این آئی ۔ ع خ








