نئی دہلی، وزیر اعظم نریندر مودی جمعہ کے روز بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے) کی پارلیمانی پارٹی کے لیڈر منتخب ہوں گے اور اسی روز شام کو وہ صدر جمہوریہ دروپدی مرمو کے سامنے نئی حکومت تشکیل کرنے کا دعویٰ پیش کریں گے۔
ذرائع کے مطابق، مسٹر مودی جمعہ 7 جون کو دوپہر 2 بجے دستور ساز اسمبلی کے سینٹرل ہال (پرانی پارلیمنٹ عمارت) میں بی جے پی سمیت 15 پارٹیوں کے اراکین پارلیمنٹ کی میٹنگ میں لیڈر منتخب ہوں گے۔ اس کے بعد مسٹر مودی بی جے پی صدر اور این ڈی اے میں شامل دیگر جماعتوں کے لیڈروں کے ساتھ راشٹرپتی بھون جائیں گے اور صدر جمہوریہ دروپدی مرمو کے سامنے نئی حکومت بنانے کا دعویٰ پیش کریں گے۔
ذرائع کے مطابق مسٹر مودی کے ہفتہ 8 جون کی شام کو دوبارہ وزیر اعظم کے عہدے کا حلف لینے کا امکان ہے۔
قبل ازیں، لوک سبھا انتخابات کے حتمی نتائج حاصل ہونے کے بعد، مسٹر مودی نے آج دوپہر کابینہ کی میٹنگ بلائی اور اس کے بعد وہ راشٹرپتی بھون گئے اور اپنا استعفیٰ اور وزراء کی کونسل کا استعفیٰ صدر جمہوریہ کو سونپ دیا اور 17ویں لوک سبھا کو تحلیل کرنے کی سفارش کی۔ صدر جمہوریہ محترمہ مرمو نے انہيں نئی حکومت کی تشکیل تک وزیر اعظم کے عہدے کی ذمہ داری کو پورا کرنے کی ہدایت دی۔
شام کو وزیر اعظم کی رہائش گاہ پر این ڈی اے لیڈروں کی میٹنگ ہوئی جس میں 15 پارٹیوں کے 21 لیڈروں نے شرکت کی۔ اس میٹنگ میں تیلگو دیشم پارٹی کے لیڈر این چندرابابو نائیڈو، جنتا دل یونائیٹڈ لیڈر اور بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار، لوک جن شکتی پارٹی (رام ولاس) کے لیڈر چراغ پاسوان موجود تھے۔ این ڈی اے کے لیڈروں نے پچھلے 10 سالوں میں کئے گئے کاموں کی تعریف کی اور مسٹر مودی کو اپنا لیڈر منتخب کرنے اور ان کی قیادت میں نئی حکومت کی تشکیل کی حمایت کرنے کی قرارداد پاس کی۔
یو این آئی۔ م ش۔