نئی دہلی، قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) کی تیسری بار حکومت بنانے کی تیاریوں کے درمیان، بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے صدر جے پی نڈا نے جمعرات کو یہاں اپنی رہائش گاہ پر ایک اہم میٹنگ کی اس میٹنگ میں مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ، وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ، بی جے پی تنظیمی سکریٹری بی ایل سنتوش اور دیگر سینئر لیڈران موجود تھے یہ میٹنگ این ڈی اے کے لیڈروں کی طرف سے متفقہ طور پر نریندر مودی کو اپنے اتحاد کا لیڈر منتخب کرنے کے ایک دن بعد بلائی گئی۔
پارٹی ذرائع کی میٹنگ میں مرکز اور ریاستی اکائیوں میں تنظیمی تبدیلیوں اور 2024 کے لوک سبھا انتخابات کے نتائج، خاص طورپر اتر پردیش میں آنے والے نتائج پر مرکوز رہی۔ اترپردیش میں بی جے پی 80 میں سے صرف 33 سیٹیں جیت سکی ہے۔
دریں اثنا، جنتا دل یونائیٹڈ (جے ڈی-یو) کے کئی لیڈر بھی پارٹی صدر اوربہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی قومی راجدھانی میں واقع رہائش گاہ پرپہنچے ہیں۔ جمعہ کو یہاں این ڈی اے کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہونے کا امکان ہے، جس میں بی جے پی، ٹی ڈی پی، جے ڈی (یو)، ایل جے پی (آر)، شیو سینا (شندے دھڑے)، جے ڈی (ایس) اور دیگر اتحادی جماعتوں کے نو منتخب ارکان پارلیمنٹ کی شرکت متوقع ہے۔
اس سے پہلے بدھ کو وزیر اعظم کی رہائش گاہ پر این ڈی اے کی میٹنگ کے دوران اتحاد کے رہنماؤں نے متفقہ طور پر مسٹر مودی کو اپنا لیڈر منتخب کرنے کی قرارداد منظور کی۔ قرارداد میں کہا گیا کہ ’’ہندوستان کے 140 کروڑ ہم وطنوں نے گزشتہ 10 برسوں میں وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں این ڈی اے حکومت کی عوامی فلاح و بہبود کی پالیسیوں کی وجہ سے ملک کو ہر شعبے میں ترقی کرتے ہوئے دیکھا ہے۔‘‘ قرارداد میں مزید کہا گیا کہ ’’کافی طویل وقفے تقریباً چھ دہائیوں کے کے بعد ہندوستان کے عوام نے مسلسل تیسری بار اکثریت کے ساتھ ایک مضبوط قیادت کا انتخاب کیا ہے۔
ہم سب کو فخر ہے کہ این ڈی اے نے مسٹر مودی کی قیادت میں متحد ہوکر 2024 کے لوک سبھا انتخابات میں حصہ لیا اور جیتا۔ ہم سب نے متفقہ طور پر مسٹر مودی کو اتحاد کا لیڈر منتخب کیا ہے۔
یواین آئی۔الف الف