نئی دہلی، نریندر مودی نے پیر کو یہاں مسلسل تیسری بار ملک کے وزیر اعظم کا عہدہ سنبھالا اور اپنے پہلے فیصلے میں پردھان منتری کسان ندھی کی 17 ویں قسط کے اجراء کی منظوری دینے والی فائل پر دستخط کیے۔
وزیر اعظم کے دفتر کے مطابق مسٹر مودی نے صبح اپنے دفتر پہنچ کر چارج سنبھال لیا۔ انہوں نے سب سے پہلے کسان ندھی کی قسط جاری کرنے کے لیے فائل پر دستخط کیے اس سے 9.3 کروڑ کسانوں کو فائدہ پہنچے گا اور تقریباً 20000 کروڑ روپے تقسیم کیے جائیں گے۔
فائل پر دستخط کرنے کے بعد، مسٹر مودی نے کہا ’’ہماری حکومت کسانوں کی فلاح و بہبود کے لیے پوری طرح پابند ہے۔ اس لیے یہ مناسب ہے کہ چارج سنبھالنے کے بعد دستخط کی جانے والی پہلی فائل کسانوں کی فلاح و بہبود سے متعلق ہو۔ ہم آنے والے وقتوں میں کسانوں اور زرعی شعبے کے لیے مزید کام کرتے رہنا چاہتے ہیں۔‘‘
واضح رہے کہ مسٹر مودی نے اتوار کی شام راشٹرپتی بھون کے صحن میں منعقد ایک تقریب میں وزیر اعظم کے طور پر حلف لیا۔ ان کے ساتھ وزراء کونسل کے 71 ارکان نے بھی حلف لیا۔
یو این آئی۔ این یو۔