اردو میں شمس الاسلام فاروقی کو بال ساہتیہ پُرسکار اور جاوید عنبر مصباحی کو یُووا پُرسکار دینے کا اعلان

نئی دہلی، ساہتیہ اکادمی کے صدر مادھو کوشک کی صدارت میں آج اسٹیٹیو آف یونٹی، کیواڑیہ، گجرات میں ساہتیہ اکادمی کی ایکزیکٹیو بورڈ کی میٹنگ ہوئی جس میں مختلف ہندستانی زبانوں کے ’بال ساہتیہ پُرسکار‘ اور ’یُووا پُرسکار‘ 2024 کے لیے کتابوں کے انتخاب کو منظوری دی گئیاردو میں ’بال ساہتیہ پُرسکار‘ کے لیے ادب اطفال کے معروف ادیب شمس الاسلام فاروقی کی کتاب ’برف کا دیس انٹارکٹیکا‘ (مختصر کہانیاں) کا جبکہ ’یُووا پُرسکار‘ کے لیے جواں سال ادیب جاوید عنبر مصباحی کی کتاب ’اسٹیپنی‘ (مختصر کہانیاں) کا انتخاب عمل میں آیا۔ ’بال ساہتیہ پُرسکار‘ کے لیے اس سال یکم جنوری 2018 سے 31 دسمبر 2022 کے دوران پہلی بار شائع ہونے والی کتابیں زیرغور آئیں۔ جیوری ممبران میں حقانی القاسمی، شفیع ایوب اور علاء الدین خاں شامل تھے جبکہ جیوری کی صدارت کنوینر، اردو مشاورتی بورڈ جناب چندربھان خیال نے کی۔ یہ ایوارڈ ساہتیہ اکادمی کے امتیازی نشان اور 50 ہزار روپے پر مشتمل ہے۔ ’یووا پرسکار‘ ان کتابوں کے لیے دیے گئے ہیں جن کے لکھنے والوں کی عمر یکم جنوری 2024 کو 35 سال یا اس سے کم ہے۔ یہ ایوارڈ بھی پچاس ہزار روپے اور توصیف نامے پر مشتمل ہے۔ جیوری ممبران میں عادل رضا منصوری، سید اعجازالدین شاہ اور انجم بارہ بنکوی شامل تھے جبکہ صدارت چندربھان خیال نے کی۔ انعامات ساہتیہ اکادمی کی ایک پُروقار تقریب میں دیے جائیں گے۔

’بال ساہتیہ پُرسکار‘ کے دوسرے انعام یافتگان میں دیویندر کمار (ہندی)، نندنی سین گپتا (انگریزی)، کلدیپ سنگھ دیپ (پنجابی)، مظفر حسین دلبر (کشمیری) شامل ہیں۔ ’یوا پرسکار‘ کے دیگر انعام یافتگان میں محمد اشرف ضیا (کشمیری)، کے. ویشالی (انگریزی)، گورو پانڈے (ہندی)، رِنکو راتھوڑ (گجراتی) وغیرہ شامل ہیں۔ سبھی زبانوں کے ایوارڈ یافتگان اور جیوری کی پوری فہرست ساہتیہ اکادمی کی ویب سائٹ پر دیکھی جاسکتی ہے۔یو این آئی۔ ایف اے۔م الف

یو این آئی م ع۔ 1550

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں