لوک سبھا برلا کی صدارت میں ملک کے شہریوں کے خواب پورے کرے گی: مودی

نئی دہلی، وزیر اعظم نریندر مودی نے 18ویں لوک سبھا کے نومنتخب اسپیکر اوم برلا کو مبارکباد دی اور اس اعتماد کا اظہار کیا کہ ان کی دوسری میعاد میں پارلیمنٹ ملک کے شہریوں کے خوابوں کو پورا کرے گی اور جمہوریت کو مضبوط کرنے کے لئے نئے نئے اقدامات سے نئے ریکارڈ قائم ہوں گے مسٹربرلا کے لوک سبھا اسپیکر منتخب ہونے اور انہیں سیٹ بیٹھانے کے بعد، وزیر اعظم مسٹر مودی نے اپنی تقریر میں کہا، “یہ ایوان کی خوش قسمتی ہے کہ آپ دوسری بار اس نشست کو سنبھال رہے ہیں۔ میری اور اس پورے ایوان کی طرف سے آپ کو بہت سی نیک خواہشات۔ امرت کال کے اس اہم دور میں دوسری بار اس عہدے پر فائز ہونا آپ کے لیے بہت بڑی ذمہ داری ہے۔ ہم سب کو یقین ہے کہ آنے والے 5 برسوں میں آپ ہم سب کی رہنمائی کریں گے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ امرت کال کے اس اہم دور میں آپ کو دوسری بار لوک سبھا کے اسپیکر کے طور پر بہت بڑی ذمہ داری ملی ہے۔ آپ نے دوسری بار 18ویں لوک سبھا میں اسپیکر کا چارج سنبھالا ہے، ہم دیکھ رہے ہیں کہ یہ اپنے آپ میں ایک نیا ریکارڈ ہے۔ مسٹر بلرام جاکھڑ ایسے پہلے اسپیکرتھے جنہیں 5 سال کی مدت پوری کرنے کے بعد دوبارہ اسپیکربننے کا موقع ملاتھا۔ ان کے بعد آپ (مسٹر برلا) ہیں، جنہیں 5 سال مکمل کرنے کے بعد دوبارہ اس عہدے پر فائز ہونے کا موقع ملا ہے۔

انہوں نے کہا، ’’ہم سب کو یقین ہے کہ آپ آنے والے 5 سالوں میں ہم سب کی رہنمائی کریں گے اور ملک کی امیدوں اور توقعات کو پورا کرنے کے لیے یہ ایوان جو ذمہ داری نبھائے گا، اس میں آپ کا بہت بڑا کردار رہے گا۔ اسپیکر جی، مجھے یقین ہے کہ آپ تو کامیاب ہونے ہی والے ہیں۔ لیکن آپ کی صدارت میں یہ 18ویں لوک سبھا بھی ملک کے شہریوں کے خوابوں کو کامیابی سے پورا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری یہ پارلیمنٹ 140 کروڑ ہم وطنوں کی امیدوں کا مرکز ہے۔ پارلیمنٹ کی کارروائی، احتساب اور طرز عمل ہمارے ہم وطنوں کے ذہنوں میں جمہوریت پر اعتماد کو مزید مضبوط کرتا ہے۔

مسٹرمودی نے کہا، ’’زیادہ تر اسپیکر دوبارہ منتخب ہوکر نہیں آپاتے ہیں۔ لیکن آپ دوبارہ منتخب ہوکرآئے ہیں۔ ایک رکن پارلیمنٹ کے طور پر آپ جس طرح سے کام کرتے ہیں وہ بھی جاننے کے قابل ہے اور سیکھنے کو بہت کچھ ہے۔ مجھے یقین ہے کہ ایک رکن پارلیمنٹ کے طور پر آپ کا کام کرنے کا انداز یقینی طور پر پہلی بار آنے والے اور نوجوان ایم پیز کو متاثر کرے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ 5 سالوں میں آپ کی سربراہی میں پارلیمنٹ نے کچھ تاریخی فیصلے کیے ہیں۔ آپ کی قیادت میں ہی ہم نے پرانی سے نئی پارلیمنٹ میں داخل ہوئے۔ انہوں نے پارلیمنٹ کی ڈیجیٹلائزیشن میں بھی کردار ادا کیا۔ جی-20 ممالک کے پریزائیڈنگ افسران کی کانفرنس پی-20 سربراہی اجلاس، آپ کی قیادت میں منعقد ہوا۔ یہ ملک کے لیے ایک بڑی حصولیابی ہے۔ جب بھی 17 ویں لوک سبھا کا ذکر ہوگا، آپ کا نام ایوان کی رہنمائی کی روشنی کے طور پر چمکے گا۔ مختلف بلوں کے ذریعے، 17ویں لوک سبھا نے اسمبلیوں میں خواتین کو ریزرویشن دیا، جموں و کشمیر کو باقی ہندوستان کے ساتھ مربوط کیا، نئے فوجداری قوانین لائے، خواجہ سراؤں کے حقوق کا تحفظ کیا اور سماجی و قومی بہبود کے لیے بہت سے دوسرے سنگ میل طے کیے۔ آنے والی نسلیں اسے آپ کی میراث کے طور پر یاد رکھیں گی۔

یواین آئی۔الف الف

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں