کیجریوال کی گرفتاری کے خلاف اے اے پی لیڈران نے مودی کا پتلا نذرآتش کیا

جالندھر عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کے قومی کنوینر اور دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال کی مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) کے ذریعہ گرفتاری کے خلاف عام آدمی پارٹی کے رہنماؤں نے جالندھر میں وزیر اعظم نریندر مودی کا پتلا جلا کر احتجاج کیا۔

اے اے پی لیڈران نے مسٹر کیجریوال کی گرفتاری کو مودی حکومت کی آمریت قرار دیا اور کہا کہ بی جے پی انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) اور سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) کا غلط استعمال کرکے مسٹر کیجریوال کو پھنسانے کی کوشش کر رہی ہے۔

پنجاب اے اے پی کے ورکنگ صدر پرنسپل بدھ رام نے بھارتیہ جنتا پارٹی پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی اور مسٹر مودی کا واحد مقصد اے اے پی اور مسٹر کیجریوال کو کسی بھی طرح سے نقصان پہنچانا اور ان کی سیاست کو ختم کرنا ہے۔ بی جے پی مسٹر کیجریوال کی ایماندارانہ سیاست سے خوفزدہ ہے۔ اسی لیے سی بی آئی اور ای ڈی نے اروند کیجریوال کے خلاف جھوٹے مقدمے درج کر کے جان بوجھ کر جیل میں ڈال دیا۔

وزیر ڈاکٹر بلبیر سنگھ نے مودی حکومت کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ مسٹر کیجریوال کو جلد از جلد رہا کیا جائے، ورنہ یہ تحریک مزید تیز ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف بی جے پی بغیر کسی ثبوت اور ‘منی ٹریل’ کی بنیاد پر ایک موجودہ وزیر اعلیٰ کو جیل میں رکھاہوا ہے، وہیں دوسری طرف کرناٹک کے بی جے پی کے سابق وزیر اعلی وی ایس یدی یورپا کے خلاف نابالغ لڑکی سے چھیڑ چھاڑ کے معاملے میں پوکسوایکٹ کے تحت معاملہ درج تھا، لیکن ان کی ضمانت منظور کر لی گئی، کیونکہ وہ ان کی پارٹی کے تھے۔

یواین آئی۔الف الف

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں