نئی دہلی، سپریم کورٹ نے بدھ کے روز کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے کسی معاملے میں تحقیقات کی رضا مندی واپس لینے کے باوجود مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) کی جانب سے تحقیقات جاری رکھنے کو چیلنج کرنے کا مغربی بنگال حکومت کا مقدمہ قابل سماعت ہے۔
جسٹس بی آر گوائی اور سندیپ مہتا کی بنچ نے مرکزی حکومت کے اس ابتدائی اعتراض کو مسترد کر دیا کہ اس طرح کا مقدمہ قابل سماعت نہیں ہے اور مغربی بنگال حکومت کی طرف سے دائر اصل مقدمہ کو قابل سماعت قرار دیا ہے۔
مغربی بنگال حکومت نے الزام لگایا تھا کہ سی بی آئی نے ریاست کی جانب سے رضامندی واپس لینے کے باوجود ریاست کے معاملات کی تحقیقات جاری رکھی۔ اپنے مقدمے میں، ریاستی حکومت نے الزام لگایا کہ سی بی آئی ایف آئی آر درج کرکے اپنی تحقیقات کو آگے بڑھا رہی ہے، جب کہ ریاست (مغربی بنگال) نے اپنے علاقائی دائرہ اختیار میں مقدمات کی تفتیش کے لیے مرکزی ایجنسی کو دی گئی عام رضامندی واپس لے لی تھی۔ مغربی بنگال نے 16 نومبر 2018 کو ریاست میں تحقیقات اور چھاپے مارنے کے لیے سی بی آئی کو دی گئی عام رضامندی کو واپس لے لیا تھا۔
سپریم کورٹ نے آئین کے آرٹیکل 131 کے تحت دائر کیس کی سماعت کرنے کی اہلیت پر مرکز کی طرف سے اٹھائے گئے ابتدائی اعتراضات پر سماعت مکمل کرتے ہوئے 8 مئی کواپنا فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔ آئین کا آرٹیکل 131 مرکز اور ایک یا زیادہ ریاستوں کے درمیان تنازعہ میں سپریم کورٹ کے اصل دائرہ اختیار سے متعلق ہے۔
جاری یواین آئی۔الف الف