نئی دہلی، کانگریس کے قومی صدر ملک ارجن کھڑگے نے ہفتہ کے روز ضمنی اسمبلی انتخابات میں پارٹی کی جیت کو مثبت سیاست کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی یہ شکست وزیر اعظم مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ کی سیاسی مقبولیت میں آنے والی گراوٹ کا نتیجہ ہے۔
مسٹر کھڑگے نے کہا، “ہم ضمنی اسمبلی انتخابات کے مثبت نتائج کے لیے عوام کا شکر گزار ہیں۔ لوگوں نے جہاں بھی کانگریس کے امیدواروں کو ووٹ دیا، ہم ان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں۔”
انہوں نے کہا، “ہم کانگریس کے تمام کارکنوں کو اپنی محنت اور نامساعد حالات میں اپنی کوششوں کے لیے سلام پیش کرتے ہیں۔ اس جیت سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ عوام نے اب بی جے پی کی غرور، غلط حکمرانی اور منفی سیاست کو مکمل طور پر مسترد کر دیا ہے۔ یہ مودی-شاہ کی گرتی ہوئی سیاسی مقبولیت کا بھی مضبوط ثبوت ہے۔ جئے ہند، جئے آئین۔
پارٹی کے جنرل سکریٹری رندیپ سنگھ سورجے والا نے کہا، “پہلے اجودھیا میں ‘انڈیا’ کو بھگوان رام کا آشیرواد، اب بدری ناتھ میں ‘کانگریس’ کو بھولے بابا کا آشیرواد۔ ستیہ میو جیتے۔”
یو این آئی۔ م ش۔