شاہ نارکوٹکس کوآرڈینیشن سینٹر کے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کریں گے

نئی دہلی، مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ جمعرات کو یہاں نارکوٹکس کوآرڈینیشن سینٹر کی ساتویں اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کریں گے۔

وزارت داخلہ نے پیر کو کہا کہ وزیر داخلہ نیشنل نارکوٹکس ہیلپ لائن ‘مانس’ کا بھی آغاز کریں گے اور سری نگر میں نارکوٹکس کنٹرول بیورو کے علاقائی دفتر کا افتتاح کریں گے۔ وہ بیورو کی ‘سالانہ رپورٹ 2023’ اور ‘ڈرگ فری انڈیا’ پر ایک تفصیلی بیان بھی جاری کریں گے۔ اس میٹنگ کا مقصد ہندوستان میں منشیات کی اسمگلنگ اور منشیات کے استعمال سے نمٹنے میں شامل مرکزی اور ریاستی حکومت کے مختلف اداروں کی کوششوں کو مربوط اور ہم آہنگ کرنا ہے۔

مرکزی حکومت نے منشیات کے خطرے کو کم کرنے کے لیے منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف ‘زیرو ٹالرنس پالیسی’ اپنائی ہے۔ وزارت داخلہ ادارہ جاتی فریم ورک کو مضبوط بنا کر اور تمام نارکو ایجنسیوں کے درمیان تال میل کی تین نکاتی حکمت عملی اور جامع عوامی بیداری مہم کے ذریعے 2047 تک منشیات سے پاک ہندوستان کا ہدف حاصل کرے گی۔

اس حکمت عملی کے تحت کئی اہم اقدامات کیے گئے ہیں۔ ریاستوں اور وزارت داخلہ کے درمیان بہتر تال میل کے لیے 2016 میں نارکو کوآرڈینیشن سینٹر قائم کیا گیا تھا۔

سال 2019 میں اسے چار درجے کے نظام کے ذریعے مزید مضبوط کیا گیا۔ اعلیٰ سطح کی کمیٹی کے صدر مرکزی داخلہ سکریٹری ہیں، ایگزیکٹو سطح کی کمیٹی کے صدر وزارت داخلہ کے خصوصی سکریٹری ہیں، ریاستی سطح کی کمیٹیوں کے صدر ریاستوں کے چیف سکریٹری ہیں اور ضلعی سطح کی کمیٹیوں کے صدر ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ ہیں۔

یو این آئی۔ م ع۔ 1910

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں