عالمی معیار کے مطابق اردو لرننگ ایپ کی ضرورت: ڈاکٹر شمس اقبال

نئی دہلی، اردو کی ترویج و اشاعت اور فروغ کے لئے اردو سیکھنے پر زور دیتے ہوئے قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان کے ڈائرکٹر ڈاکٹر محمد شمس اقبال نے کہا کہ اردو لینگویج لرننگ موبائل ایپ کونسل کا اہم لرننگ ایپ ہے۔ اس کے ذریعے ملک اور بیرونِ ملک کے شائقین اردو زبان سیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے یہ بات اردو کونسل کے زیراہتمام اردو لینگویج لرننگ موبائل ایپ کا مواد تیار کرنے کے لیے دو روزہ ورکشاپ میں ورکشاپ میں کہی۔

انہوں نے کہا کہ آج دیگر ترقی یافتہ زبانوں کے ایپ کی طرح اس ایپ کو بھی اَپ ڈیٹ کرنے اور بہتربنانے کی ضرورت ہے۔ آج کا ورکشاپ اسی مقصد کے تحت منعقد کیا جارہا ہے۔ یہاں ماہرین کو اس لیے بلایا گیا ہے تاکہ وہ عالمی معیار کے مطابق ہمارے مواد اور ایپ کو بہتر بنانے کے سلسلے میں ہمیں مشورے دے سکیں۔ ہمارا ایپ ملٹی پرپز ہونا چاہیے تاکہ بچے اور بڑے سبھی اس سے استفادہ کرسکیں۔ آنے والے دنوں میں اس کی اہمیت مزید بڑھنے والی ہے۔ ہمیں مواد عصری تقاضوں اور ضرورت کے مطابق منتخب کرنا چاہیے۔ اگر عالمی معیار کو اپنایا جائے گا تو اس کے بہتر نتائج سامنے آئیں گے۔

اس ورکشاپ میں پروفیسر جہانگیر احمد وارثی (چیئرمین شعبۂ لسانیات، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی)، پروفیسر غضنفر (علی گڑھ)، ڈاکٹر شمیم احمد (ایسوسی ایٹ پروفیسر، سینٹ اسٹیفنس کالج، دہلی یونیورسٹی)، ڈاکٹر سید تنویر حسین (اسسٹنٹ پروفیسر، جامعہ ملیہ اسلامیہ)، ڈاکٹر خان شاہد وہاب (پرنسپل، گورنمنٹ بوائز سینئر سیکنڈری اسکول، جسولہ، نئی دہلی)، ڈاکٹرنوشاد منظر (گیسٹ فیکلٹی، جامعہ ملیہ اسلامیہ) وغیرہ بحیثیت ایکسپرٹ شامل ہوئے۔

اس موقعے پر کونسل سے ڈاکٹر شمع کوثر یزدانی (اسسٹنٹ ڈائرکٹر، اکیڈمک)، جناب شاہنواز محمد خرم (ریسرچ آفیسر)، محمد افضل حسین خان، افروز عالم، فیضان الحق وغیرہ موجود رہے۔

یو این آئی۔ ع ا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں