نئی دہلی، وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل کے روز جموں و کشمیر کے ووٹروں، بالخصوص نوجوانوں اور خواتین سے جمہوریت کے جشن کو کامیاب بنانے کے لیے جوش و خروش سے ووٹ ڈالنے کی اپیل کی۔
مرکز کے زیر انتظام جموں و کشمیر کے سات اضلاع کے 40 اسمبلی حلقوں میں آج تیسرے اور آخری مرحلے کے لیے ووٹنگ ہو رہی ہے۔ ووٹنگ صبح 7 بجے شروع ہوئی جو شام 6 بجے تک جاری رہے گی۔
وزیر اعظم نے سوشل میڈیا ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا، “آج جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات میں ووٹنگ کا تیسرا اور آخری مرحلہ ہے۔ میں تمام رائے دہندگان سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ ووٹ ڈالنے کے لیے آگے آئیں اور جمہوریت کے جشن کو کامیاب بنانے کے لیے اپنا ووٹ ڈالیں۔
مسٹر مودی نے کہا، “مجھے یقین ہے کہ پہلی بار ووٹ ڈالنے والے نوجوانوں کے ساتھ بااختیار خواتین بھی بڑی تعداد میں ووٹنگ میں حصہ لیں گی۔”
مرکز کے زیر انتظام علاقے کے جن سات اضلاع میں ووٹنگ ہو رہی ہے ان میں کشمیر ڈویژن کے بارہمولہ، کپواڑہ اور باندی پورہ اور جموں ڈویژن کے جموں، ادھم پور، کٹھوعہ اور سانبہ اضلاع شامل ہیں۔
ووٹنگ کے تیسرے مرحلے کے لیے 39 لاکھ سے زیادہ ووٹرز رجسٹرڈ ہیں جو آج الیکٹرانک ووٹنگ مشین میں اپنے پسندیدہ 415 امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ کریں گے۔
ریاست کے ووٹر آج انتخابات میں حصہ لینے والے بڑے امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ کریں گے – سابق نائب وزیر اعلیٰ مظفر حسین بیگ، بشارت بخاری، سجاد غنی لون اور ناصر اسلم وانی کشمیر ڈویژن سے اور دیویندر سنگھ رانا، چودھری لال سنگھ اور رمن بھلا جموں ڈویژن سے مشہور نام ہیں۔
جموں و کشمیر کی کل 90 سیٹوں میں سے 24 اور 26 سیٹوں پر ووٹنگ کے پہلے دو مراحل بالترتیب 18 اور 25 ستمبر کو پرامن طریقے سے مکمل ہوگئے ہیں۔ پہلے مرحلے میں 61.38 فیصد اور دوسرے مرحلے میں 57.31 فیصد ووٹنگ ہوئی ہے۔ انتخابی نتائج 8 اکتوبر کو آئیں گے۔
یو این آئی۔ م ش۔