نکسل متاثرہ ریاستوں کو چھتیس گڑھ کے کامیاب آپریشن کی حکمت عملی اپنانی چاہئے: شاہ

رائے پور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے ملک کی نکسل متاثرہ ریاستوں سے چھتیس گڑھ میں حالیہ کامیاب آپریشن کی حکمت عملی اپنانے کی اپیل کی۔

مسٹرشاہ نے یہ بات نئی دہلی کے وگیان بھون میں ملک کی نکسل متاثرہ ریاستوں میں نکسل ازم کے خلاف جاری کارروائیوں پر منعقد کی گئی ایک اہم میٹنگ میں کہی۔ انہوں نے ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ پر زور دیا کہ وہ چھتیس گڑھ کی انٹیلی جنس ٹیکنالوجی اور باہمی تال میل کی بنیاد پر اپنی اپنی ریاستوں میں بھی آپریشن کر سکتے ہیں۔میٹنگ کی صدارت مسٹر شاہ نے کی، جس میں چھتیس گڑھ کے وزیر اعلی وشنو دیو سائی اور دیگر نکسل متاثرہ ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ نے شرکت کی۔

اس اہم میٹنگ کا مرکزی نقطہ چھتیس گڑھ میں حال ہی میں کامیابی کے ساتھ ختم ہونے والا نکسل مخالف آپریشن تھا، جس میں ریاستی پولیس نے 31 نکسلیوں کو ہلاک کیا۔ اس آپریشن میں چھتیس گڑھ پولیس کی موثر حکمت عملی اور ریاستی حکومت کی اسکیموں کی کامیابی پر خصوصی طور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

مسٹر امت شاہ نے اس آپریشن میں چھتیس گڑھ کے وزیر اعلی سائی اور ان کی ٹیم کی کوششوں کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ اس سال جنوری سے لے کر اب تک چھتیس گڑھ کے سیکورٹی فورسز نے تقریباً 194 نکسلیوں کو مڈبھیڑ میں مارگرایا ہے۔ جبکہ 801 نکسلیوں کو گرفتار کیا گیا اور 742 نکسلیوں نے خودسپردگی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی جو نوجوان نکسلی سرگرمی میں شامل ہورہےہیں ان سے درخواست ہے کہ وہ ہتھیار چھوڑ کر قومی دھارے میں شامل ہو جائیں۔ تمام ریاستوں نے آپ کی بحالی کے لیے بہتر منصوبے بنائے ہیں، ان سے فائدہ اٹھائیں۔

یواین آئی۔ الف الف

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں