کابینہ نے لوتھل میں عالمی معیار کے نیشنل میری ٹائم ہیریٹیج کمپلیکس کی منظوری دی

نئی دہلی، حکومت نے ملک کی 4500 سال پرانی سمندری وراثت کو محفوظ رکھنے اور اسے آنے والی نسلوں تک پہنچانے کے لیے گجرات کے لوتھل میں ایک عالمی معیار کا نیشنل میری ٹائم ہیریٹیج کمپلیکس تیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ٕ

اطلاعات و نشریات کے وزیر اشونی ویشنو نے آج یہاں ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں صبح منعقدہ مرکزی کابینہ کی میٹنگ میں اس سلسلے میں ایک تجویز کو منظوری دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ دو مرحلوں میں مکمل کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ کابینہ نے رضاکارانہ وسائل اور شراکت کے ذریعے فنڈز اکٹھا کرنے کے بعد ماسٹر پلان کے مطابق منصوبے کے فیز 1 ۔ بی اور فیز 2 پر عملدرآمد کی اصولی منظوری دی۔

فیز 1۔ بی کے تحت لائٹ ہاؤس میوزیم کی تعمیر کے لیے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف لائٹ ہاؤسز اینڈ لائٹ شپس ( ڈی جی ایل ایل ) کی جانب سے مالی اعانت فراہم کی جائے گی۔ لوتھل میں اس کمپلیکس کی ترقی، انتظام اور آپریشن کے لیے، سوسائٹیز رجسٹریشن ایکٹ، 1860 کے تحت ایک الگ سوسائٹی بنائی جائے گی جس میں بندرگاہوں، جہاز رانی اور آبی گزرگاہوں کے وزیر کی سربراہی میں ایک گورننگ کونسل ہوگی تاکہ مستقبل کے مراحل کی ترقی کا کام شروع کیا جا سکے۔

اس منصوبے سے 15,000 براہ راست اور 7,000 بالواسطہ روزگار کے مواقع پیدا ہونے کی توقع ہے ۔ اس سے خطے میں ترقی کو فروغ ملے گا اور مقامی کمیونٹیز، سیاحوں، محققین، اسکالرز، سرکاری اداروں، تعلیمی اداروں، ثقافتی تنظیموں، ماحولیات، تحفظ گروپوں اور کاروباروں کو مدد ملے گی۔

اس کمپلیکس کا ماسٹر پلان معروف آرکیٹیکچرل فرم میسرز آرکیٹیکٹ حفیظ کنٹریکٹر نے تیار کیا ہے اور فیز 1اے کی تعمیر کا کام ٹاٹا پروجیکٹس لمیٹڈ کو سونپا گیا ہے۔ منصوبے کا فیز 1اے 60 فیصد سے زیادہ فزیکل پیشرفت کے ساتھ زیر عمل ہے اور اسے 2025 تک مکمل کرنے کا منصوبہ ہے۔

یو این آئی ۔ ع خ

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں