بھرت پور، راجستھان کے وزیر اعلیٰ بھجن لال شرما نے افسران کو ہدایت دی ہے کہ وہ عام لوگوں کی امنگوں کے مطابق ترقیاتی کاموں کو مقررہ وقت میں معیار کے ساتھ مکمل کرتے ہوئے حکومت کی فلاحی اسکیموں کے فوائد ہر اہل فرد تک پہنچانے کو یقینی بنائیں مسٹر شرما جمعہ کو بھرت پور کے کلکٹریٹ آڈیٹوریم میں محکمہ وار بجٹ کے اعلانات اور ترقیاتی کاموں کا جائزہ لے رہے تھے۔ انہوں نے بجٹ کے اعلانات کی باقاعدہ نگرانی اور ان پر فوری عمل درآمد کی ہدایات دیں۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ کے اعلانات میں اراضی کی الاٹمنٹ، ڈی پی آر کی تیاری سے لے کر ٹنڈر کے عمل تک عہدیدا اس کی باقاعدہ نگرانی کرتے ہوئے وقت پر کام شروع کریں۔ مستقبل میں شہری توسیع اور ضروریات کے پیش نظر منصوبہ بندی اس طرح کی جائے کہ آنے والے وقت میں وسائل کی کمی نہ ہو۔
مسٹرشرما نے بھرت پور شہر کے رنگ روڈ کے لئے لدھاوئی سے توہیا، آگرہ روڈ سے تیونگا روڈ تک اور الور- بھرت پور فور لین کی ڈی پی آر جلد تیار کرنے کی بھی ہدایات دیں۔
انہوں نے بیانہ بائی پاس، ڈیگ نگر بائی پاس اور سڑک کی تعمیر کے دیگر کاموں کے لیے درکار اراضی کے حصول کا کام فوری طور پر مکمل کرنے کی ہدایات دیں۔
بھرت پور میونسپل کارپوریشن کے علاقے میں پبلک ٹرانسپورٹ کے لیے بجٹ کے اعلان میں کیے گئے التزام کے مطابق الیکٹرک بسوں کے لیے روٹ چارٹ تیار کرکے چارجنگ پوائنٹس کا تعین بھی کرنے کے لئے کہا۔ انہوں نے شہر میں نئی کالونیوں میں مجوزہ سڑکوں کی تعمیر کے وقت بجلی، پانی، سیوریج، گیس اور ٹیلی فون لائنوں کے لیے جگہیں مختص کرکے پورے شہر کی میپنگ کرانے کی ہدایات دیں۔
مسٹرشرما نے شہر میں بجلی کے کھلے تاروں کو زیر زمین کرنے اور ٹرانسفارمروں کو پلیٹ فارم بناکر رکھنے کی بھی ہدایات دیں تاکہ بجلی کے واقعات کو روک کر شہر کو صاف ستھرا اور خوبصورت بنایا جا سکے۔
یواین آئی۔الف الف