لوک سبھا میں وقفہ سوال کے دوران اپوزیشن کا زبردست ہنگامہ

نئی دہلی، لوک سبھا میں پیر کو اپوزیشن ارکان نے پریاگ راج کمبھ کے انتظامات کو لے کر وقفہ سوال کے دوران زبردست ہنگامہ کیا، لیکن اسپیکر اوم برلا نے ہنگامہ آرائی کی پرواہ کئے بغیر بھاری شور شرابے اور نعرے بازی کے درمیان بھی وقفہ سوال جاری رکھا اسپیکر نے جیسے ہی ایوان کی کارروائی شروع کی تو اپوزیشن ارکان نے ہنگامہ آرائی شروع کر دی۔ مسٹربرلا نے کہا کہ اراکین کو معلوم ہونا چاہیے کہ صدر کی تقریر پر بحث ہونی ہے اور عزت مآب صدر نے بھی اپنے خطاب میں کمبھ کا ذکر کیا ہے۔ ایوان میں یہ نظام ہے کہ وقفہ سوال کے دوران کسی معاملے پر بحث نہیں کی جاسکتی تو ارکان کو پرامن طریقے سے وقفہ سوال چلنے دینا چاہیے۔

پارلیمانی امور کے وزیر کرن رجیجو نے بھی مداخلت کرتے ہوئے ارکان سے وقفہ سوال میں خلل نہ ڈالنے کی اپیل کی اورکہا کہ اسپیکر جی بھی اسی طرح بار بار درخواست کررہے ہیں لیکن ارکان صرف خلل پیدا کرنا چاہتے ہیں۔ صدر کے خطاب کے دوران اراکین اپنے نکات بھی اٹھا سکتے ہیں۔

اسپیکر نے ارکان پر دوبارہ ہنگامہ آرائی نہ کرنے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ کو ملک کے عوام نے ایوان چلانے کے لیے بھیجا ہے تو وقفہ سوالات جاری رہنے دیا جائے اور ہنگامہ کرنے والے ارکان اپنی نشستوں پر بیٹھ جائیں۔ انہوں نے ہنگامہ آرائی کے درمیان وقفہ سوال چلانے کی کوشش کی لیکن شور وغل کی وجہ سے کچھ سنائی نہیں دے رہا تھا۔

مسٹربرلا نے اراکین سے پوچھا کہ کیا عوام نے آپ کو یہاں میزیں توڑنے یا اپنے مسائل حل کرنے کے لیے منتخب کیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ وقفہ سوال کو کسی بھی سطح پر ملتوی نہیں کیا جائے گا۔ وقفہ سوال کے دوران اپوزیشن ارکان نے ہنگامہ آرائی جاری رکھی لیکن مسٹر برلا نے وقفہ سوال جاری رکھا۔

یواین آئی۔الف الف

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں