مرمو یوم خواتین پر قومی کانفرنس کا افتتاح کریں گی

نئی دہلی، صدرجمہوریہ دروپدی مرمو عالمی یوم خواتین کے موقع پر “ناری شکتی سے وکست بھارت” کے موضوع پر قومی کانفرنس کا افتتاح کریں گی۔

یہ کانفرنس یہاں وگیان بھون میں خواتین اور بچوں کی ترقی کی وزارت کی طرف سے منعقد کی جا رہی ہے۔ خواتین اور بچوں کی ترقی کی وزیر اناپورنا دیوی اور وزیر مملکت ساوتری ٹھاکر کے ساتھ ساتھ سینئر افسران اور خصوصی مہمان پروگرام میں شرکت کریں گے۔

یوم خواتین کے موقع پر ’’وہ ہندوستان کی تعمیر کررہی ہیں‘‘ ہیش ٹیگ سے سوشل میڈیا پر ایک میگا مہم بھی چلائی جا رہی ہے۔ اس پروگرام میں مسلح افواج، نیم فوجی دستوں اور دہلی پولیس کی خواتین افسران کے ساتھ ساتھ میرا یووا بھارت پورٹل کے رضاکاروں، آنگن واڑی کارکنان، آشا کارکنان اور سیلف ہیلپ گروپ کے ارکان شرکت کریں گے۔ اس کے علاوہ مختلف وزارتوں اور محکموں کی خواتین افسران کو بھی پروگرام میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ اس تقریب میں ورلڈ بینک، یونیسیف، یو این ویمن، یو این ڈی پی، یو این ایف پی اے وغیرہ جیسے عالمی اداروں کے نمائندے بھی شرکت کریں گے۔

افتتاحی اجلاس کے بعد خواتین سے متعلق مختلف مسائل پر ایک اعلیٰ سطحی پینل ڈسکشن کا انعقاد کیا جائے گا۔ اس دوران سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ، ریاضی، کاروبار، کھیل، میڈیا اور گورننس کے شعبوں سے تعلق رکھنے والی نامور خواتین شخصیات کو اکٹھا کرنے کے لیے تین تکنیکی سیشن منعقد کیے جائیں گے۔ خواتین کے عالمی دن کی 50 ویں سالگرہ پر، یہ مشہور شخصیات اپنے تجربات کا اشتراک کریں گی اور آنے والی نسلوں کو متاثر کریں گی۔ مزید برآں، مالیاتی شمولیت، انٹرپرینیورشپ اور معیشت میں خواتین کو بااختیار بنانے پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے سیشن منعقد کیے جائیں گے۔ سیاسی قیادت کے ذریعے صنفی مساوات کو تیز کرنے کے لیے پالیسیوں اور فریم ورک پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

یواین آئی۔الف الف

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں