نئی دہلی، عام آدمی پارٹی (آپ) نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی طرف سے دہلی کی خواتین کو 8 مارچ تک 2500 روپے دینے کی گارنٹی میں صرف دو دن باقی ہیں، لیکن اب تک بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) حکومت اس معاملے پر خاموش ہے پارٹی نے راج گھاٹ، مول چند اور دیگر کراسنگ پر آج احتجاج کیا اور جواب طلب کیا کہ خواتین کے کھاتوں میں 2500 روپے کب جمع ہوں گے؟ اس دوران سابق رکن اسمبلی رتوراج جھا سمیت پارٹی کے کئی کارکنوں نے پلے کارڈز کے ساتھ نعرے لگائے جن پر لکھا تھا ’بس دو دن اور‘ اور پوچھا کہ اب 8 مارچ میں صرف دو دن باقی رہ گئے ہیں، خواتین کو 2500 روپے کب ملیں گے .
مسٹر جھا نے کہا کہ دہلی اسمبلی انتخابات کے دوران مسٹر مودی نے دوارکا میں منعقدہ ایک ریلی میں خواتین سے وعدہ کیا تھا کہ دہلی میں بی جے پی کی حکومت بنتے ہی تمام ماؤں بہنوں کو ماہانہ 2500 روپے دینے کی اسکیم کابینہ کی پہلی میٹنگ میں پاس کی جائے گی اور 8 مارچ کو عالمی یوم خواتین کے موقع پر ان کے کھاتے میں 2500 روپے کی پہلی قسط جمع کرائی جائے گی۔ وزیر اعظم نے یہ بھی کہا تھا کہ تمام ماؤں اور بہنوں کو اپنے آدھار کارڈ کو اپنے بینک اکاؤنٹ سے جوڑنا چاہیے تاکہ جب ان کے اکاؤنٹ میں رقم آئے تو وہ اپنے موبائل پر پیغام وصول کر سکیں۔ اب دہلی کی مائیں اور بہنیں اپنے آدھار کارڈ کو اپنے بینک اکاؤنٹ سے جوڑ کر بڑی بے چینی سے انتظار کر رہی ہیں کہ ان کے اکاؤنٹ میں 2500 روپے کب آئیں گے۔ آٹھ مارچ میں اب صرف دو دن رہ گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر بار کی طرح اس بار بھی عام آدمی پارٹی بی جے پی کو مسٹر مودی کی گارنٹی کو محض نعرے میں تبدیل نہیں کرنے دے گی۔ خواتین کو 2500 روپے دینے کے لیے ہم سڑکوں سے پارلیمنٹ تک لڑیں گے۔
یو این آئی ۔ ع خ