وزیر داخلہ کا دورہ کشمیر: آئی جی کشمیر نے سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا

سری نگر،مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے دورہ کشمیر کے پیش نظر انسپکٹر جنرل آف پولیس ، وی کے بردی کی صدارت میں ایک اعلیٰ سطحی سیکورٹی میٹنگ منعقد ہوئی، جس میں سیکورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

واضح رہے کہ وزیر داخلہ امت شاہ 6 اپریل، اتوار کو تین روزہ دورے پر جموں و کشمیر پہنچ رہے ہیں۔

پولیس کے ایک ترجمان کے مطابق آئی جی کشمیر وی کے بردی کی سربراہی میں ہفتے کی شام ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ منعقد ہوئی جس میں پولیس، فوج، بی ایس ایف، سی آر پی ایف، آئی ٹی بی پی، انٹیلی جنس ایجنسیوں اور دیگر متعلقہ محکموں کے سینئر افسران نے شرکت کی۔

انہوں نے بتایا کہ میٹنگ کے دوران وزیر داخلہ کے دورے کے سلسلے میں کیے جا رہے حفاظتی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر آئی جی کشمیر کو پاور پوائنٹ پریزنٹیشن کے ذریعے تمام تیاریوں سے آگاہ کیا گیا۔

ترجمان کے مطابق، آئی جی کشمیر نے تمام سیکورٹی ایجنسیوں کو ممکنہ دہشت گردی کے خطرات سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت چوکنا رہنے کی ہدایت دی۔

انہوں نے حساس علاقوں میں سیکورٹی گرڈ کو مزید مضبوط بنانے، رات کے گشت میں اضافہ اور زمینی سطح پر موثر اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔

آئی جی کشمیر نے ہدایت دی کہ شہری اور دیہی علاقوں میں سیکورٹی کو مزید موثر بنایا جائے، ناکوں کے جال کو وسعت دی جائے، اور شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر اضافی فورسز تعینات کی جائیں۔

انہوں نے مشکوک سرگرمیوں کی صورت میں فوری اور ٹھوس کارروائی کرنے کی بھی تاکید کی۔

اس اعلیٰ سطحی میٹنگ میں آئی جی بی ایس ایف، آئی جی سی آر پی ایف ، آئی جی سی آر پی ایف سری نگر، ڈی آئی جی سینٹرل کشمیر، ڈی آئی جی آئی ٹی بی پی، ایس ایس پی پی سی آر کشمیر، ایس ایس پی سری نگر، ایس ایس پی بڈگام، فوج کے سینئر عہدیدار، ایس ایس پی ٹریفک رولر ، ایس ایس پی ٹریفک سٹی، ایس ایس پی سیکورٹی کشمیر، ایس پی سی آئی کے، ایس پی اے پی سی آر کشمیر ایس پی پی سی سری نگر، ایس پی ٹیلی کیمونکیشن اور سبھی اضلاع کے ایس ایس پیز نے شرکت کی۔

یو این آئی، ارشید بٹ

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں